پاکستان میں ترک سفیر مصطفیٰ یرداکل پشاور زلمی کے فین نکلے
پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفیٰ یرداکل نے کرکٹ سے اپنی گہری دلچسپی اور پشاور زلمی سے لگاؤ کا اظہار کیا۔
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن سے قبل جہاں پاکستان میں کرکٹ شائقین پرجوش و جذبے پاکستان میں ایونٹ کے انعقاد کا انتظار کررہے ہیں وہیں غیر ملکی سفیر بھی ایونٹ میں اپنی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔
انہی میں سے برادر اسلامی ملک ترکی کے پاکستان میں سفیر مصطفیٰ یرداکل بھی ہیں جو پاکستان سپر لیگ کی مقبول ترین فرنچائز پشاور زلمی کے فین ہیں۔
معزز سفیر نے پشاور زلمی کی شرٹ کے تصاویر کھنچوا کر کرکٹ سے اپنی گہری دلچسپی اور پشاور زلمی سے لگاؤ کا اظہار کیا۔
مصطفیٰ یرداکل نے کہا کہ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کی ترکی کے صدر طیب اردوان سے ملاقات اور پشاور زلمی کی شرٹ زیب تن کر کے کھنچوائی گئی تصویر ترکی میں بہت مقبول ہوئی اور اس سے پی ایس ایل فرنچائز کو بھی ترکی میں شہرت ملی۔