ہزاروں ماڈلز کی ذاتی اور اہم معلومات افشا ہونے کا انکشاف
انٹرنیٹ سیکیورٹی پر نظر رکھنے والے ملٹی نیشنل امریکی کمپنی ’وی پی این مینٹر‘ نے انکشاف کیا ہے کہ متعدد ’عریاں‘ ویب سائٹس چلانے والی ایک ویب سائٹ نے ہزاروں ماڈلز کی نجی اور اہم معلومات افشا کردیں۔
وی پی این مینٹر نامی کمپنی گوگل سمیت دیگر اعلیٰ ٹیکنالوجی اداروں کے ساتھ کام کرنے والے افراد نے بنائی تھی جو ’ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک‘ (وی پی این) پر ڈیجیٹل خامیوں سے متعلق کام کرتی ہے۔
خیال رہے کہ وی پی این ایک سسٹم یا ایسا سافٹ ویئر ہے جسے استعمال کرتے ہوئے انٹرنیٹ صارفین ایسے مواد یا ویب سائٹ پر بھی رسائی حاصل کر سکتے ہیں جس ویب سائٹ یا مواد پر عام طور پر نہیں پہنچا جا سکتا۔
کئی ممالک میں لوگ اس نظام کا استعمال کرتے ہوئے متنازع، فحش یا پابندی کا شکار ویب سائٹس اور مواد تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔
تاہم وی پی این کے ذریعے جہاں بہت سارے فحش، قابل اعتراض، قابل نفرت اور متنازع مواد تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے وہیں اس نظام پر بہت سارا ایسا مواد بھی موجود ہوتا ہے جو کسی کی ذاتی زندگی پر اثر انداز ہوتا ہے۔
اور ایسے ہی مواد کی موجودگی کا پتہ لگانے کے لیے ’وی پی این مینٹر‘ جیسے کئی ادارے کام کرتے ہیں۔