لائف اسٹائل

'والد حیات اور زیر علاج ہیں'

کامیڈین امان اللہ کو چندروز قبل خراب طبعیت کےباعث ہسپتال منتقل کیاگیا جس کے بعد ان کے انتقال کی خبریں وائرل ہورہی تھیں۔

پاکستان کے نامور اداکار و کامیڈین امان اللہ کو چند روز قبل گردوں اور سانس کی تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی خبریں وائرل ہوگئیں۔

رپورٹس تھیں کہ امان اللہ کو صحت ناساز ہونے پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں فوری طور پر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا جس کے بعد یہ خبریں سامنے آئیں کہ ان کا انتقال ہوگیا۔

تاہم اب اداکار امان اللہ کی بیٹی نے خود ایک ویڈیو پیغام جاری کردیا جس میں انہوں نے والد کے انتقال کی خبروں کی تردید کردی۔

امان اللہ کی بیٹی زرغون امان اللہ کا کہنا تھا کہ 'بہت سارے لوگ میرے والد امان اللہ کے بارے میں جاننا چاہ رہے تھے، دراصل ان کو سانس کی دشواری کا سامنا ہے اس لیے ان کو وینٹی لیٹر پر رکھا جاتا ہے اور یہ بھی ان کے علاج کا حصہ ہے لیکن وہ پہلے سے کافی بہتر ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'سانس کے مسئلے کے ساتھ انہیں سردی کے باعث نمونیہ بھی ہوگیا تھا لیکن ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ وہ پہلے سے بہتر ہیں اور چند روز میں آئی سی یو سے انہیں کمرے میں منتقل کردیا جائے گا'۔

زرغون امان اللہ نے والد کے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کرتے رہیں۔

خیال رہے کہ پرائڈ آف پرفارمنس کا اعزاز حاصل کرنے والے 70 سالہ امان اللہ اسٹیج کے پرانے اداکاروں میں سے ایک ہیں اور انہیں طویل عرصے تک اسٹیج ڈراما کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

وہ 'خبرناک' نامی کامیڈی شو میں بھی اپنا لوہا منوا چکے ہیں جبکہ مذاق رات جیسے مزاحیہ شو کا حصہ بھی رہے ہیں۔