’ووٹ کو عزت نہیں، عزت سے ووٹ دو‘
’بھائی صاب! آپ غلط جگہ آگئے ہیں، جنازہ 2 گلی چھوڑ کر اٹھنا ہے’۔ اب ہم انہیں کیا بتاتے کہ یہاں بھی جنازہ ہی اٹھ رہا ہے.
ہم بھی کتنے بھولے ہیں، اتنے بھولے کہ ہر بات کا غلط مفہوم اخذ کرلیتے ہیں، جو ہم سے بھی زیادہ بھولا ہوتا ہے۔
ہمارے بھولپن کی انتہا دیکھیے کہ بچپن میں نغمہ سُنا ‘تیرا پاکستان ہے یہ میرا پاکستان ہے’ اور یقین کرلیا، خیر اس میں ہمارا کیا قصور، اس نغمے کی اثر آفرینی کا کمال ہے کہ پاکستانی تو پاکستانی غیر ملکی بھی ہمارے ملک کو اپنا سمجھنے لگے۔
یہی وجہ ہے کہ امریکا کے ڈرونز ‘یہی تو ہے وہ اپنا پن’ کہتے ہماری سرزمین پر آن وارد ہوئے اور چینی جو چین میں بھی کسی ٹریفک سارجنٹ پر ہاتھ نہیں اٹھا سکتے، ہمارے ہاں ٹریفک پولیس اہلکار کی بڑی اپنائیت سے دُھنائی کردیتے ہیں، اور اتنی ہی اپنائیت سے وہ پاکستان میں سَگائی اور اے ٹی ایم مشینوں کی صفائی بھی کرتے رہے ہیں۔