گلگت: برفانی تودے سے 5 فوجی شہید، اموات کی مجموعی تعداد 109 تک جا پہنچی
گلگت/مظفرآباد: آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کے نتیجے میں مزید 15 افراد جاں بحق ہونے کے بعد ملک بھر میں خراب موسم کے باعث حادثات میں اموات کی تعداد 109 ہوگئی جس میں 5 فوجی جوان بھی شامل ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق برفانی تودوں کے گرنے سے آزاد کشمیر کی وادی نیلم سب سے بری طرح متاثر ہوئی جہاں 74 افراد جاں بحق ہوئے اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں مسلسل چوتھے روز زمینی اور فون کے رابطے منقطع رہے۔
ضلع استور میں حکام نے بتایا کہ برفانی تودوں سے 2 مختلف علاقوں میں ایک خاتون اور ایک بچے کے علاوہ 5 فوجی بھی شہید ہوئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں موسمی شدت کے باعث حادثات، جاں بحق افراد کی تعداد 98 ہوگئی
مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والے پانچوں فوجی جوان انجینئرنگ کور سے تعلق رکھتے تھے اور وہ استور کے علاقے ڈومباباہو میں برفانی تودے کی زد میں آگئے۔