لائف اسٹائل

احسن خان کا ڈراما 'بندھے ایک ڈور سے' کب نشر ہوگا؟

اس ڈرامے میں احسن، اشنا شاہ، حنا الطاف، صبا فیصل، صبا حمید اور ثمینہ احمد کے ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔
Welcome

احسن خان کا شمار پاکستان کے نامور اداکاروں میں کیا جاتا ہے جن کے ڈراموں کا انتظار مداحوں کو بےصبری سے ہوتا ہے اور اب ان کا نیا پروجیکٹ 'بندھے ایک ڈور سے' رواں سال مارچ میں سامنے آجائے گا۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے احسن خان نے اپنے اس ڈرامے کی کچھ تفصیلات بھی شیئر کیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ اس ڈرامے کی کہانی ایک ہی خاندان کے 8 سے 10 اراکین پر مبنی ہے اور ان ہی کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔

مزید پڑھیں: 'بندھے ایک ڈور سے' اشنا اور احسن کا نیا ڈراما

احسن خان کے مطابق 'ڈرامے کا ایک پہلو رومانوی بھی ہے، لیکن پوری کہانی صرف رومانوی کردار پر نہیں، ڈرامے میں ثمینہ احمد میری دادی کا کردار ادا کررہی ہیں، صبا حمید میری تائی بنی ہیں اور صبا فیصل میری والدہ کا کردار نبھارہی ہیں'۔

گزشتہ ہفتے صبا فیصل نے بھی اپنے انسٹاگرام پر کچھ تصاویر شیئر کی تھیں جنہیں دیکھ کر ایسا ہی محسوس ہورہا تھا کہ ایک کسی فیملی کی تقریب کے دوران لی گئی تصویر ہے۔

احسن خان کا مزید کہنا تھا کہ 'خاندان پر مبنی یہ ایک ایسا ڈراما ہے جو یقیناً متاثر کرے گا، میرے خیال ہے کہ اس کی کہانی نہایت سادہ ہے، مسائل کے علاوہ مشترکہ خاندان کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں، اچھے لمحات سب پیش کیے جائیں گے'۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں احسن خان نے انکشاف کیا تھا کہ وہ سیونتھ اسکائے پروڈکشنز کے ڈرامے میں عمر نامی لڑکے کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے جس کی ہدایات علی فیضان دے رہے جبکہ فائزہ افتخار نے اس کی کہانی تحریر کی۔

احسن خان نے یہ بھی بتایا تھا کہ ڈرامے میں حنا الطاف اور اشنا شاہ بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔