یو اے ای میں گھریلو ملازمہ رکھنے والے خاندان کی ماہانہ کمائی 11 لاکھ روپے لازمی قرار
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حکومت نے گھریلو خواتین ملازمین رکھنے کے خواہش مند خاندان کی ماہانہ کمائی کی حد بڑھا کر تقریبا پاکستانی 11 لاکھ روپے مقرر کردی۔
گلف نیوز کے مطابق یو اے ای کی وزارت انسانی وسائل کے حکام کے مطابق اب کوئی بھی اماراتی خاندان خاتون ملازم کو ملازمت پر اس وقت ہی رکھ سکے گا جب مذکورہ خاندان کی کمائی ماہانہ 25 ہزار درہم یعنی پاکستانی 10 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد ہوگی۔
وزارت انسانی وسائل نے جہاں گھریلو ملازمہ کو نوکری دینے والے خاندان کی کمائی کی حد مقرر کی ہے وہیں حکومت نے ملازمین کی بھرتی کے لیے بھی نئے اور سخت قوانین متعارف کرادیے۔
نئے قوانین کے تحت اب کوئی بھی اماراتی خاندان کسی غیر شادی شدہ خاتون کو گھریلو ملازمہ کے طور پر بھرتی نہیں کر سکے گا۔
نئے قوانین کے تحت حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر کسی خاندان کی ماہانہ کمائی 25 ہزار درہم نہیں ہے تو بھی وہ گھریلو ملازمہ رکھ سکتا ہے تاہم اسے بھی ملازمہ کو وہی سہولیات فراہم کرنا پڑیں گی جو 25 ہزار درہم کمانے والا خاندان ملازمہ کو دے گا۔