پاکستان

مریم نواز کا نام دوسری مرتبہ ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تجویز پیش کی جسے کابینہ نے منظور کر لیا۔

وفاقی کابینہ نے چوہدری شوگر ملز کے مقدمے میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کا نام دوسری مرتبہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں ڈال دیا ہے۔

منگل کو منعقدہ اجلاس کے بعد وفاقی کابینہ کے ایک رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تجویز پیش کی جسے کابینہ نے منظور کر لیا۔

مزید پڑھیں: 'کیا مریم نواز ریسٹورنٹ میں بیٹھ کر والد کی تیمار داری کریں گی'

اس سے قبل قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز کے ریفرنس میں بھی مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا تھا۔

مریم نے عدالت میں ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ لندن جانا چاہتی ہیں تاکہ اپنے والد کی تیمارداری کر سکیں۔

ای سی ایل کے معاملات دیکھنے والی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے 28دسمبر کو مریم نواز کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو صحت سے متعلق رپورٹس 48گھنٹے میں فراہم کرنے کی ہدایت

تاہم کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کی تردید کی تھی کہ مریم کا نام دوسری مرتبہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے دوران مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر یا مقدس گائے نہیں۔


یہ خبر 15جنوری 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔