پشاور: پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکا، 10 افراد زخمی
پشاور کی کارخانو پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور پولیس اہلکار سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا جس کے ترجمان نے کہا کہ 9 زخمیوں کو یہاں لایا گیا جن میں 5 خواتین اور 4 مرد شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں سے 2 خواتین کی حالت نازک ہے۔
تاہم ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی نے دھماکے میں 10 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔
اے آئی جی بم ڈسپوزل اسکواڈ شفقت ملک نے کہا کہ دھماکا دستی بم کا تھا اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
دھماکے کی تفصیلی رپورٹ طلب
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کارخانو مارکیٹ پشاور میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور صوبائی آئی جی سے اس کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: مسجد میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد جاں بحق
انہوں نے متعلقہ حکام کو واقعے کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔
دوسری جانب وزیر صحت خیبر پختونخوا شہرام خان ترکئی نے دھماکے کے زخمیوں کی ہسپتال میں عیادت کی۔