دنیا بھر کے کمپیوٹرز ’ونڈوز 7‘ کی اپڈیٹ سے محروم ہوگئے
اس وقت دنیا کے تین میں سے ایک کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ پر ونڈوز 7 کا آپریٹنگ سسٹم کام کر رہا ہے۔
دنیا بھر کے زیادہ تر کمپیوٹر اور لیپ ٹاپس کو آپریٹنگ سسٹم فراہم کرنے والی امریکی ملٹی نیشنل کمپنی ’مائیکرو سافٹ‘ نے دنیا بھر کے کمپیوٹرز پر موجود ’ونڈوز 7‘ آپریٹنگ سسٹم کی اپڈیٹ کی فراہمی ختم کردی۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے ’ونڈوز 7‘ کی اپڈیٹس کی فراہمی بند کیے جانے کے بعد دنیا بھر کے کروڑوں کمپیوٹرز 14 جنوری 2020 سے ’ونڈوز 7‘ کی کسی بھی اپڈیٹ سے محروم ہوگئے۔
مائیکرو سافٹ نے ایک سال قبل ہی اعلان کیا تھا کہ کمپنی جنوری 2020 سے ’ونڈوز 7‘ کی اپڈیٹ کی فراہمی معطل کردے گی اور اب مذکورہ آپریٹنگ سسٹم کی فراہمی کو بند کردیا گیا۔
دنیا بھر میں اس وقت بھی 32 فیصد سے زیادہ کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ ’ونڈوز 7‘ پر کام کر رہے ہیں یعنی دنیا کے ہر تین کمپیوٹرز میں سے ایک کمپیوٹر پر مذکورہ آپریٹنگ سسٹم موجود ہے۔