’یہ طے ہونا باقی ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن کے کینیڈا میں اخراجات کون ادا کرے گا‘
برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ سابق امریکی اداکارہ میگھن مارکل کی جانب سے رواں ماہ 9 جنوری کو شاہی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کیا گیا تھا۔
شاہی جوڑے نے شاہی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی باقی زندگی شمالی امریکا اور برطانیہ کے درمیان گزاریں گے۔
اگرچہ انہوں نے ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں کیا تھا کہ وہ شمالی امریکا کس جگہ زندگی گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں، بعد ازاں یہ بات سامنے آئی کہ وہ شمالی امریکا کے ملک کینیڈا میں زندگی گزاریں گے۔
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی جانب سے شاہی حیثیت سے دستبرداری کے اعلان کے بعد 13 جنوری 2020 کو شاہی محل میں ملکہ برطانیہ کی صدارت میں اہم اجلاس بھی ہوا تھا۔
اجلاس میں شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کی جانب سے دستبرداری کے اعلان پر غور کیا گیا اور ساتھ ہی ملکہ برطانیہ نے جوڑے کے فیصلے کی حمایت بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے کا شاہی حیثیت چھوڑنے کا اعلان
اجلاس کے بعد شاہی محل سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملکہ برطانیہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے شاہی حیثیت سے دستبرداری کے فیصلے کی حمایت کرتی ہیں تاہم ساتھ ہی ان کی خواہش تھی کہ جوڑا شاہی خاندان کا حصہ رہتا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ملکہ برطانیہ نے شاہی جوڑے کے کینیڈا اور برطانیہ میں زندگی گزارنے کے فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا ہے۔