ملکہ برطانیہ نے شہزادہ ہیری کی شاہی حیثیت سے دستبرداری کی حمایت کردی
ملکہ برطانیہ نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ سابق اداکارہ میگھن مارکل کی جانب سے شاہی حیثیت سے دستبرداری کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جوڑے کی آزاد زندگی گزارنے کے فیصلے کی قدر کرتی ہیں۔
ملکہ برطانیہ نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کی جانب سے شاہی حیثیت سے دستبرداری کی حمایت شاہی محل میں 13 جنوری کو ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کی۔
ملکہ برطانیہ نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کی جانب سے شاہی حیثیت سے دستبرداری کے اعلان کے بعد اہم اجلاس طلب کیا تھا۔
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے 9 جنوری 2020 کو شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’وہ مالی طور پر خود مختار ہونے کے لیے عملی اقدامات کریں گے تاہم وہ ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کی عزت و احترام کرتے رہیں گے‘۔
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی جانب سے شاہی حیثیت کے دستبرداری کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں تہلکہ مچ گیا تھا اور ابتدائی طور پر برطانوی شاہی خاندان نے جوڑے کے فیصلے پر کوئی بیان نہیں دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے کا شاہی حیثیت چھوڑنے کا اعلان
تاہم بعد ازاں ملکہ برطانیہ نے 12 جنوری کو شاہی خاندان کے اہم ارکان کو 13 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں شریک ہونے کا دعوت نامہ بھجوایا اور گزشتہ روز شاہی محل کے ونڈسر محل میں شاہی خاندان کا اہم اجلاس ہوا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ملکہ برطانیہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں شہزادہ ہیری کے والد شہزادہ چارلس اور ان کے بھائی شہزاہ ولیم نے بھی شرکت کی اور اجلاس میں شہزادہ ہیری کی جانب سے دستبرداری کے اعلان کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس کے بعد شاہی خاندان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ملکہ برطانیہ نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے فیصلے کی حمایت کی اور ساتھ ہی کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ جوڑا مستقل بنیادوں پرشاہی ذمہ داریاں نبھاتا رہتا۔