ارب پتی شخص کو ’چاند‘ پر جانے کے لیے نوجوان خاتون کی تلاش
جاپانی ارب پتی فیشن ڈیزائنر نے نوجوان، بہادر اور خوبرو خواتین سے درخواستیں طلب کرنے کے لیے منفرد طریقہ اختیار کرلیا۔
تین سال بعد 2023 میں چاند کے پہلے نجی دورے کے لیے منتخب ہونے والے جاپانی ارب پتی 44 سالہ فیشن و آرٹ ڈیزائنر یساکو مائزاوا نے ’چاند‘ کے سفر کے لیے خاتون ساتھی کی تلاش شروع کردی۔
یساکو مائزاوا کو ستمبر 2018 میں امریکی سائنسی ادارے ’اسپیس ایکس‘ نے چاند کے پہلے نجی سیاحتی دورے کے لیے منتخب کیا تھا۔
’اسپیس ایکس‘ کی جانب سے ابتدائی طور پر 2018 میں نجی خلائی سیاحتی دورے کے پروگرام کے تحت 2 افراد کو ’چاند‘ پر بھجوایا جانا تھا تاہم بعد ازاں کمپنی نے پروگرام کو چند سال تک مؤخر کرتے ہوئے 2023 تک نجی سیاحتی دوروں کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔
منصوبے کے تحت ’اسپیس ایکس‘ چاند کے دورے کی خواہش رکھنے والے دنیا کے امیر ترین افراد کو ’چاند‘ کا دورہ کروائے گا اور منصوبے کے تحت بیک وقت صرف 2 افراد کو ہی چاند پر لے جایا جائے گا۔