حیرت انگیز

برطانیہ: 1400 سال پرانی 'پراسرار' انسانی باقیات دریافت

برطانیہ کی ایک قدیم عمارت سے دریافت ہونے والی انسانی ہڈیوں کی تاریخ کا راز سامنے آگیا جس نے لوگوں کو حیران کردیا۔

برطانیہ کی ایک قدیم عمارت سے دریافت ہونے والی انسانی باقیات کی تاریخ کا راز سامنے آگیا جس نے لوگوں کو حیران کردیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں انگلینڈ کی ایک پرانی عمارت کو مسمار کرنے کے دوران انسانی باقیات کی دریافت ہوئی تھیں جنہیں بعدازاں ٹیسٹ کے لیے لیب بھیج دیا گیا تھا اور اب یہ بات سامنے آئی کے یہ باقیات 1400 سال پرانی ہیں۔

مزید پڑھیں: پیرو: تاریخ میں بچوں کی سب سے بڑی قربانی کی باقیات دریافت

فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق مزدور گزشتہ سال عمارت مسمار ہونے کے بعد اس جگہ کی صفائی کررہے تھے جب وہاں سے انسانی ہڈیاں دریافت ہوئیں۔

بعدازاں پولیس اور آثار قدیمہ کے ماہرین کو جائے وقوع پر بلایا گیا، جنہوں نے ہڈیوں کی تصدیق کے لیے کاربن ڈیٹنگ کا استعمال کیا جس سے یہ بات سامنے آئی کہ یہ انسانی باقیات 635 سے 685 قبل مسیح کی ہیں۔

اس دریافت کے بعد وہاں موجود چند افراد کا کہنا تھا کہ یہ ہڈیاں شاید یہ عمارت بننے سے بھی کافی سال پہلے سے وہاں موجود ہیں جبکہ کچھ نے اس دریافت کو 'پراسرار' قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل میپ کی مدد سے 22 سال قبل لاپتہ شخص مل گیا

عمارت کے قریب رہنے والے 65 سالہ ٹیچر کے مطابق 'جب خاموشی ہوتی تو اس عمارت کے پاس سے ہمیشہ ہی ایک عجیب سی آواز آتی تھی، جو انتہائی خوفناک تھی'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'میرا خیال ہے کہ یہ ہڈیاں کئی سال پرانی ہیں، وہاں ایک گھر موجود تھا لیکن میرا نہیں خیال کہ یہ ہڈیاں وہاں رہنے والوں کی ہوسکتی ہیں'۔

پولیس کا اس معاملے پر کہنا تھا کہ کئی ماہ سے اس معاملے کی کارروائی جاری ہے، آثار قدیمہ کے ماہرین بھی ان باقیات کے بارے میں جاننے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ ابھی اور بہت سی تفصیلات بھی سامنے آنا باقی ہے۔