’8 کروڑ کی آبادی میں صرف 17 افراد غریب‘
آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ملک چین نے گزشتہ چند سال سے ’غریبی مٹاؤ‘ پروگرام شروع کر رکھا ہے اور اس حوالے سے حکومت کا دعویٰ ہے کہ ملک سے غربت تقریبا ختم کی جا چکی ہے۔
اگرچہ چین کی حکومت نے ملک بھر میں رہ جانے والے باقی غریب افراد کی تاحال حتمی فہرست جاری نہیں کی ہے تاہم حکومت کا دعویٰ ہے کہ اب کچھ لاکھ افراد ہی غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔
چین کے کئی صوبے ایسے ہیں جو یہ اعلان کر چکے ہیں کہ ان کے ہاں اب کوئی بھی شخص غربت کی زندگی نہیں گزارتا تاہم چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کی جانب سے حال ہی غریبوں کے حوالے سے کیے جانے والے اعلان نے سب کو حیران کردیا۔
چینی اخبار ’ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق جیانگسو صوبے کی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے صوبے کی 8 کروڑ آبادی میں صرف 17 افراد ہی ایسے ہیں جو غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔
صوبائی حکومت کے مطابق غربت کی زندگی گزارنے والے مذکورہ 17 افراد کا تعلق 6 مختلف خاندانوں سے ہے جب کہ صوبے کے باقی تمام افراد اب غریب نہیں رہے۔