’فیس بک نے الیکشن میں ٹرمپ کی مدد کی،2020 میں بھی یہ ہوسکتا ہے‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منتخب ہوتے ہی 2016 میں ان پر الزامات لگائے گئے کہ انہوں نے اپنی جیت کے لیے فیس بک جیسے پلیٹ فارم کو غلط طریقے سے استعمال کیا۔
ساتھ ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کے حوالے سے یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ مبینہ طور پر روس نے ان کی جیت کی راہ ہموار کی اور اس معاملے پر امریکا کے تحقیقاتی اداروں نے تفتیش بھی شروع کی۔
بعد ازاں کیمبرج اینالیٹیکا جیسا اسکینڈل بھی سامنے آیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ فیس بک نے امریکی صارفین کے ڈیٹا کو غلط استعمال کیا اور اسی وجہ سے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت ممکن ہوئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت میں فیس بک کے کردار پر خود ویب سائٹ کے بانی مارک زکربرگ بھی بات کر چکے ہیں اور انہوں نے واضح طور پر کبھی بھی یہ تسلیم نہیں کیا کہ سوشل ویب سائٹ نے امریکی صدر کی مدد کی۔
تاہم اب فیس بک کے ایک ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اعتراف کیا ہے کہ 2016 کے صدارتی انتخابات کے دوران فیس بک نے ڈونلڈ ٹرمپ کو جیتنے میں مدد دی اور اب 2020 میں بھی یہی امکانات موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی انتخابات کے دوران فیس بک کو روسی کمپنی نے اشتہارات دیے
فیس بک کے مصنوعی ذہانت کے شعبے کے ڈائریکٹر اینڈریو بوس ورتھ نے پہلی بار کھل کر یہ اعتراف کیا ہے کہ فیس بک نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی انتخابات میں مدد کی اور اب دوبارہ بھی اس کے واضح امکانات موجود ہیں۔