متنازع شہریت قانون پر بلائے گئے مودی کے اجلاس میں ایک بھی بولی وڈ اسٹار شریک نہیں ہوا
بھارتی حکومت کی جانب سے ’متنازع شہریت قانون‘ پر بریفنگ کے لیے بلائے گئے ایک اہم ترین اجلاس میں بولی وڈ کے کسی بھی بڑے اداکار یا اداکارہ نے شرکت سے انکار کرکے حکومت کو پریشانی میں ڈال دیا۔
نریندر مودی کی ہدایات پر سابق موسیقار اور یونین وزیر پیوش گویل نے ممبئی میں ایک اہم اجلاس بلایا تھا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے بتایا تھا کہ اہم ترین اجلاس میں شرکت کے لیے بولی وڈ کی 25 نامور شخصیات کو شرکت کے دعوت نامے بھجوائے گئے اور انہیں بتایا گیا کہ ’متنازع شہریت قانون‘ کے حوالے سے بہت ساری غلط معلومات پھیل رہی ہیں اس لیے درست معلومات کے لیے ان کا حکومتی اجلاس میں آنا لازمی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مذکورہ اجلاس 5 جنوری کی شب ممبئی کے ایک نجی ہوٹل میں ہونا تھا جس میں متعدد شخصیات کی شرکت کا امکان تھا۔
تاہم اب بھارتی ٹی وی ’این ڈی ٹی وی‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ حکومت کے اجلاس میں کسی بھی معروف بولی وڈ شخصیت نے شرکت نہیں کی۔