ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں ہزاروں افواج کی تعیناتی سمیت ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کرنے کے اقدام کے خلاف امریکا بھر میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی جنگ مخالف تنظیموں 'کوڈ پنک'، 'ایکٹ ناؤ ٹو اسٹاپ وار' اور 'اینڈ ریسزم' سمیت دیگر گروہوں نے مل کر 70 سے زائد مقامات پر مظاہرے منعقد کیے۔
ٹامپا سے فلاڈلفیا اور سان فرانسسکو سے نیو یارک تک پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین نے جنگ مخالف نعرے بازی کی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو روز قبل بغداد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نزدیک فضائی حملے کی اجازت دی تھی جس میں ایران کے ایلیٹ قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی ہلاک ہوگئے تھے۔
اس واقعے کے بعد ایران نے امریکا کو جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے جس کی وجہ سے جنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ ایران کا رد عمل کب اور کیسے سامنے آئے گا۔
مظاہروں کے منتظمین کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ انتطامیہ نے قاسم سلیمانی کا قتل کرکے جنگ کا آغاز کردیا ہے۔