ایرانی جنرل کی ہلاکت پر ہزاروں افراد کا احتجاج، سوگ
عراق میں ہزاروں افراد نے امریکی فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی اور دیگر افراد کی ہلاکت کے خلاف جلوس نکالا اور غم و غصے کا اظہار کیا۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے بغداد ایئرپورٹ کے قریب جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی پیراملیٹری چیف ابو مہدی المہندس سمیت دیگر 9 افراد کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے اجتماعات میں شرکت کی۔
عراق میں جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے خلاف بڑا اجتماع بغداد میں ہوا جہاں عراق کے مستعفی اور قائم مقام وزیراعظم عادل عبدالمہدی، ابومہدی المہندس کے معاون ہادی الامیری، مذہبی رہنما عمار الحکیم، سابق وزیراعظم نوری المالکی اور ایران کے دیگر حامی رہنما شریک تھے جبکہ جنرل قاسم سلیمانی کی لاش کے ساتھ عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
مزید پڑھیں:امریکا سے قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لیں گے، ایران
جنرل قاسم سلیمانی کی میت کو شمالی بغداد میں واقع مشہور مزار میں لایا گیا تھا جہاں سیاہ لباس میں ہزاروں افراد نے امریکا مردہ باد کے نعرے لگائے جبکہ ان کے ہاتھوں میں جنرل سلیمانی کی تصاویر اور پرچم تھے اور وہ امریکا سے بدلہ لینے کے نعرے بھی لگا رہے تھے۔