پاکستان

پی ٹی آئی رہنما کی شادی میں قانون کی خلاف ورزی، چھاپے پر اسسٹنٹ کمشنر پر تشدد

فرخ حبیب کی شادی میں شریک مہمانوں نے پولیس ٹیم کو دھمکایا اور زد و کوب کیا، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب کی شادی میں 'ون ڈش' قانون کی خلاف ورزی پر ماڈل ٹاؤن کے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) ذیشان رانجھا نے فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا تاہم مہمانوں کی جانب سے انہیں اور پولیس ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

مذکورہ واقعہ لاہور میں کاہنہ کے علاقے جھلکے میں واقع میاں مینشن فارم ہاؤس میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب میں 'میرج ایکٹ' کی خلاف ورزی کی اطلاعات پر اسسٹنٹ کمشنر نے دیگر افسران کے ساتھ مل کر چھاپہ مارا۔

ایک عہدیدار نے کہا کہ فارم ہاؤس کے مالکان میاں محسن اور میاں احسن بھی مہمانوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ شادی میں شریک تھے۔

مزید پڑھیں: پارکنگ کی سہولت نہ ہونے پر شادی لان بند کرنے کا فیصلہ

جب اسسٹنٹ کمشنر کی ٹیم فارم ہاؤس کی حدود میں داخل ہوئی اور ون ڈش قانون اور مقررہ وقت کی خلاف ورزی کا مشاہدہ کیا تو انتظامیہ نے مزاحمت کی اور انہیں فارم ہاؤس میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی۔

عہدیدار نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر نے نامناسب زبان استعمال کرنے پر مہمانوں میں شامل ایک شخص کو تھپڑ مارا جو جھگڑے میں تبدیل ہوگیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہمان 'بہت بااثر' افراد تھے لہٰذا انہوں نے چھاپہ مار ٹیم کو فارم ہاؤس کی حدود سے نکلنے پر مجبور کیا اور اسے اندر سے بند کر لیا۔

اسی دوران اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن نے پولیس کو شکایت کی جس کے بعد مسلح اہلکاروں کی 3 گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: شادی ہال مالکان نے ہال بند کرنے کی کال واپس لے لی

بعد ازاں پولیس نے مبینہ حملہ آوروں میں سے 4 کو گرفتار کیا، فارم ہاؤس کو سیل کیا اور فارم ہاؤس کے مالکان سمیت مشتبہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

عہدیدار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی فرخ حبیب کو گرفتار نہیں کیا جاسکا کیونکہ وہ پولیس کی آمد سے قبل ہی جائے وقوع سے جاچکے تھے۔

ابتدائی اطلاعی رپورٹ (ایف آئی آر) میں شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا کہ چھاپہ مار ٹیم پر حملہ کیا گیا، دھمکایا اور زد و کوب کیا گیا۔

واقعے کی ایف آئی آر نشتر زون انچارج محمد علی کی شکایت پر درج کی گئی ہے۔


یہ خبر 4 جنوری 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

علیحدگی کی خبروں کے بعد سائرہ شہروز کی پہلی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

شہریت قانون پر بھارت کو عالمی سطح پر تنہائی کا سامنا ہوگا، سابق سیکریٹری خارجہ

امریکی صدر نے پاکستان کیلئے فوجی تربیتی پروگرام بحالی کی توثیق کردی