’ہم دیکھیں گے‘ ہندو مخالف ہے یا نہیں، تفتیش کیلئے بھارت میں کمیٹی قائم
پاکستان کے شہرہ آفاق شاعر فیض احمد فیض کی مشہور نظم ’ہم دیکھیں گے‘ پر بھارت میں تنازع کھڑا ہوگیا اور ایک تعلیمی ادارے نے اس نظم کے ہندو مخالف ہونے یا نہ ہونے سے متعلق تفتیشی کمیٹی قائم کردی۔
فیض احمد فیض نے مذکورہ نظم 1970 کے بعد پاکستان میں فوجی حکمران ضیاء الحق کے دور میں لکھی تھی اور اس نظم کو اس وقت کی فوجی آمریت کے خلاف انوکھے احتجاج کے طور کافی شہرت بھی ملی
فیض احمد فیض کی یہی نظم بھارت کے متعدد طلبہ اور دیگر عام افراد بھی ان دنوں متازع شہریت کے قانون کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں پڑھتے دکھائی دیتے ہیں۔
فیض کی یہی نظم ریاست اترپردیش کے بڑے شہر کانپور میں موجود ٹیکنالوجی کے اہم ترین تعلیمی ادارے ’انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی‘ (آئی آئی ٹی) کے طلبہ نے بھی ایک مظاہرے کے دوران پڑھی تو تنگ نظر ہندوؤں کو غصہ آگیا اور انہوں نے نظم کو ہندو مخالف قرار دے دیا۔