کھیل

حارث رؤف کی بگ بیش میں عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری

پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے آسٹریلین ٹی20 لیگ بگ بیش میں سڈنی تھنڈرز کے خلاف بھی عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔

پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی آسٹریلین ٹی20 لیگ بگ بیش میں عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور انہوں نے ایک مرتبہ پھر شاندار باؤلنگ سے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

بگ بیش میں ڈیل اسٹین کے انجری کا شکار ہونے پر میلبرن اسٹارز نے حارث رؤف کو اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا۔

مزید پڑھیں: حارث رؤف کی آسٹریلین بگ بیش لیگ میں تباہ کن باؤلنگ

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کی نمائندگی کر کے شہرت حاصل کرنے والے حارث رؤف اب اپنی عمدہ باؤلنگ سے ساتھ بیرون ملک بھی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔

حارث نے بگ بیش میں اپنے پہلے ہی میچ میں متاثر کن کھیل پیش کرتے ہوئے 20رنز عوض دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

تاہم انہوں نے اپنی صلاحیتوں کے اصل جوہر ہوبارٹ ہریکینز کے خلاف دکھائے اور تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 27وکٹوں کے عوض 5وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے بعد اسٹین انجری سے صحتیاب ہوئے تو حارث رؤف کو اگلے دونوں میچوں میں آرام کرا دیا گیا جس میں سے ایک میں میلبرن اسٹارز کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

دو میچوں کے بعد میلبرن اسٹارز نے ایک مرتبہ پھر حارث کو موقع دینے کا فیصلہ کیا اور انہوں نے ایک مرتبہ پھر اس فیصلے کو درست ثابت کردیا۔

حارث نے جمعرات کو سڈنی تھنڈرز کے خلاف میچ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 24رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کے سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

حارث کی شاندار باؤلنگ کے سبب سڈنی تھنڈرز مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 142رنز بنا سکی اور اس کے جواب میں میلبرن اسٹارز نے بھی 7وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے تین وکٹوں سے فتح حاصل کر لی۔

حارث رؤف اب تک بگ بیش لیگ کے تین میچوں میں 7.10 کی اوسط سے 10 وکٹیں لے چکے ہیں اور زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔