2019 مشکل تھا، 2020 ترقی و خوشحالی کا سال ہوگا، وزیر اعظم
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 2019 میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن قومیں آزمائش میں مٹتی نہیں بلکہ مضبوط بن کر ابھرتی ہیں جبکہ 2020 ترقی و خوشحالی کا سال ہوگا۔
اسلام آباد میں ایئر یونیورسٹی کے نئے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں معیارات کا فروغ بہت اہم ہے، اس سلسلے میں نصاب کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی بڑی تیزی سے ترقی کر رہی ہے جس سے تبدیلی کا عمل بھی تیز تر ہو گیا ہے، اس انقلاب سے استفادہ کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کی تعلیم دینے والے اداروں کا ہونا ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، ہمیں مشکل حالات اور وسائل کی کمی کے باوجود تعلیم پر توجہ دینے کے لیے روایت سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا۔