پاکستان

ملک میں سال نو کے آغاز پر سخت سیکیورٹی انتظامات

کراچی میں سال نو کے موقع پر ڈبل سواری پر عائد کی گئی پابندی کو وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر اٹھانے کا اعلان کردیا گیا۔
| | | |

ملک میں سال نو کے آغاز کے موقع پر ملک کے بیشتر علاقوں میں حکام نے سیکیورٹی امور سے نمٹنے کے لیے سخت انتظامات کر لیے ہیں۔

کراچی

کراچی میں سال نو کے موقع پر ڈبل سواری پر عائد کی گئی پابندی کو وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ڈبل سواری پر پابندی ختم کی جارہی ہے، شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور نئے سال کا جشن ذمہ داری کے ساتھ مہذب انداز میں منائیں۔

ترجمان کمشنر کراچی ستار جاوید کے مطابق کمشنر کراچی نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش، آتش گیر مادہ رکھنے اور ون ویلنگ پر پابندی جاری رہے گی تاہم ڈبل سواری پر پابندی کا جاری نوٹیفکیشن واپس لیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں سال نو کے موقع پر کراچی میں 2 روز کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ نئے سال کی آمد کے موقع پر کراچی میں ساحل سمندر جانے والی تمام سڑکیں کھلی رہیں گی تاہم سی ویو جانے والے 11 مقامات پر اسنیپ چیکنگ کی جائے گی۔

ادھر ضلع وسطی پولیس کی درخواست پر پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے بھی ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کراچی کے شہریوں کو سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے گریز کرنے کا کہا ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں سرفراز احمد نے کہا کہ شہری نئے سال کے موقع پر اس سے اجتناب کریں کیونکہ اس سے جانی نقصان ہوسکتا ہے، ساتھ ہی انہوں نے شہریوں سے کراچی پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔

کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی سال نو کے موقع پر حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سال نو کے موقع پر سی ویو جانے والا کوئی بھی راستہ بند نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک نظام کو بہتر بناتے ہوئے ون وے سسٹم کو اپنایا جائے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے سال کے تحفے کے طور پر ڈبل سواری پر عائد پابندی نے ختم کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے نوجوانوں کو پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس سمیت کسی کوبھی ہراساں کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور نئے سال پر صرف ہلڑبازی نہیں بلکہ ملک کے امن اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی جائیں۔

اسلام آباد

پولیس نے سال نو کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صوتحال برقرار رکھنے کے لیے 2 ہزار اہلکاروں کو تعینات کردیا۔

اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل محمد عامر ذوالفقار نے شاپنگ مالوں اور مارکیٹوں میں پولیس کی تعیناتی کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور کسی بھی قسم کے غیر قانونی عمل سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ٹریفک پولیس بھی امن و امان کو برقرار رکھنے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے پولیس سے رابطے میں رہے گی۔

لاہور

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید کا کہنا ہے کہ نیو ایئر نائٹ پر سخت سیکیورٹی انتظامات عمل میں لائیں گے اور اس سلسلے میں شہر بھر میں 6 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔

ایک ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ 'قیام امن کے لیے کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے'۔

انہوں نے بتایا کہ 'گزشتہ برسوں کے ریکارڈ یافتہ ون ویلرز سے ضمانتی مچلکے بھی لیے جارہے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ ڈولفن اسکواڈ اور پولیس رسپانس یونٹس کے اضافی دستے مسلسل پیٹرولنگ یقینی بنائیں گے، شہری کسی بھی مشتبہ افراد اور سرگرمیوں کی اطلاع فوراً 15 پر دیں۔

ساتھ ہی انہوں نے ون ویلنگ، تیز رفتاری اور موٹرسائیکل پر کرتب دکھانے والوں کےخلاف چالان کے بجائے حوالات میں بند کرنے کا حکم جاری کیا اور کہا کہ کم عمر ڈرائیورز یا رائڈرز کی موٹرسائیکل بند کی جائے گی اور والدین کی طرف سے ضمانتی مچلکے وصول کرنے کے بعد موٹر سائیکل، رکشہ، گاڑی واپس دی جائے۔

کوئٹہ:

ادھر کوئٹہ میں نئے سال کی آمد کے موقع پر شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی، اس کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی سمیت ہوائی فائرنگ کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

نئے سال کی آمد کے موقع پر پولیس نے شہر بھر میں سخت انتظامات کیے ہیں جبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر محکمہ داخلہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

اسی طرح کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے شہر میں 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات بھی کردیا گیا ہے۔

پشاور:

علاوہ ازیں نئے سال کے سلسلے میں صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی سیکیورٹی کے حوالے سے خصوصی پلان مرتب کرلیا گیا۔

ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی کا کہنا تھا کہ پلان کے مطابق شہر بھر میں ایک ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور شہر کے داخلی خارجی راستوں پرچیکنگ سخت کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں اینٹی رائیڈ سکواڈ تعینات کیے جائیں گے اور فیز 7، فیز 5، امن چوک، ایف سی چوک، جی ٹی روڈ، دِلہ زاک روڈ اور رنگ روڈ پر پولیس پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'شہر کے اہم بازاروں اور شاہراہوں پر بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) اور سراغ رساں کتوں کے ذریعے سویپنگ کا عمل کیا جائے گا۔