دسترخوان

نئے سال پر کھانوں کے حوالے سے یہ جھوٹے وعدے نہ کریں

یہاں وہ جھوٹے ارادے اور وعدے مندرجہ ذیل ہیں جو یقیناً ہم سب ہی خود سے کرتے تو ہیں لیکن انہیں پورا نہیں کرپاتے۔

ویسے تو ہر سال ہم سب نئے سال کے آغاز کے ساتھ اپنے کھانوں کو لے کر بھی بہت سے نئے نئے ارادے کرتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ جب ان کو پورا کرنے کا وقت آتا ہے تو ہم سب ہی پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔

اب جب 2019 کا اختتام ہورہا ہے اور 2020 تیزی سے آرہا ہے، تو آپ کو بھی چاہیے کہ اپنی خوراک کے حوالے سے یہ جھوٹے ارادے کرنا بند کردیں۔

یہاں وہ جھوٹے ارادے اور وعدے مندرجہ ذیل ہیں جو یقیناً ہم سب ہی خود سے کرتے تو ہیں لیکن انہیں پورا نہیں کرپاتے۔

1- کل سے پکا ڈائٹنگ

بڑھتے وزن کو دیکھتے ہوئے ہم سب خود سے وعدہ کرتے ہیں کہ کل سے ہم پکا ڈائٹنگ کریں گے، لیکن پھر اگلے ہی دن گھر میں گرما گرم بریانی تیار ہو اور آپ خود کو سمجھائیں کہ ڈائٹنگ اگلی بار سے شروع کی جائے گی، اس لیے اس سال خود سے یہ جھوٹے وعدے کرنا بند کردیں۔

2- کل سے پکا رات کا کھانا کم کھائیں گے

ویسے تو بہتر صحت کے لیے صبح کا ناشتہ پیٹ بھر کے اور رات کا کھانا کم ہی کھانا چاہیے، لیکن ہمارے گھروں میں الٹا حساب دیکھا جاتا ہے، یہاں صبح ناشتہ یا تو کیا ہی نہیں جاتا یا پھر بس کچھ بھی ہلکا سا کھا لیا جاتا ہے، لیکن رات کا کھانا خوب پیٹ بھر کے ہوتا ہے، نہاری جیسا پکوان جو دراصل نہار منہ ہی کھانا چاہیے ہم اسے رات کے کھانے میں کھاتے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ رات کو کھانا ہضم کرنا مشکل ہوتا ہے اور پھر وزن بڑھتا ہے۔

3- کل سے باہر کا کھانا بند

ہم سب ارادہ کرتے ہیں کہ آج تو کھا لیا لیکن کل سے باہر کا کھانا بالکل بند، اور بعد میں دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ باہر کھانا کھانے کا منصوبہ بنتا ہے جس میں ہم سب سے آگے نظر آتے ہیں، اس لیے بہتر ہے خود سے یہ جھوٹ بولنا بھی بند کردیں۔

4- کل سے کولڈ ڈرنکس نہیں صرف جوس

کل سے کولڈ ڈرنکس نہیں صرف تازہ جوس پیا جائے گا، ایسا وعدہ سب ہی نے اپنے آپ سے کیا ہوگا، لیکن کیا یہ پورا کیا جاتا ہے؟ کسی دعوت کے بعد کولڈ ڈرنک نہ ہی جائے تو ہمارا کھانا ہضم ہی کب ہوگا، لیکن پھر بھی ہم ہر سال یہ ارادہ تو ضرور کرتے ہیں۔

5- کل سے میٹھا بند

آپ نے ارادہ کیا کہ کل سے میٹھا کھانا بند، لیکن آج ہی دفتر میں آپ کے سامنے ڈونٹس آگئے اور یقیناً آپ خود کو روک نہیں پائے، میٹھا کھانا ویسے سب کو بہت پسند نہیں، لیکن پھر بھی ہر کوئی کسی نہ کسی انداز کا میٹھا کھاتا ضرور ہے، لیکن وزن نہ بڑھے اس لیے ایسے ارادے کرنا بھی ضروری ہے کہ کل سے میٹھا کھانا بند ہوگا لیکن یہ پورے ہوتے کب ہیں؟

6- کل سے روزانہ 8 گلاس پانی

ہر روز یہ ارادہ کیا تو ضرور جاتا ہے کہ کل سے ہم 8 گلاس پانی تو ضرور پیئیں گے، لیکن ایسا کرتے نہیں ہیں کیوں کہ کسی کو پیاس کا احساس نہیں ہوتا تو کسی کی عادت ہی ہوتی ہے کم پانی پینا۔ تو خود سے جھوٹے وعدے کرنے کے بجائے عمل کرنا بھی شروع کریں۔

7- کل سے کھانے میں زیادہ سبزی اور کم گوشت

چیکن، بیف اور مٹن کھانے کے شوقین افراد خود کو سبزیوں سے دور رکھتے ہیں لیکن جب وزن کم کرنے کی بات آتی تو خود سے وعدے کرنا شروع کردیتے کے کل سے گوشت سے پرپیز کرکے سبزیوں پر زور دیا جائے گا، لیکن باقی ہر وعدے کی طرح یہ بھی جھوٹ ہی ثابت ہوتا۔

8- کل سے پھل ضرور کھائیں گے

پھل کھانا ہماری صحت کے لیے بہت ضروری ہے، لیکن بہت سے افراد پھل کھانے کے شوقین نہیں۔ ارادہ ضرور کرتے ہیں کہ پھل کھائیں گے پر اس ارادے کو پورا نہیں کرتے۔ لیکن اس سال اگر خود سے یہ وعدہ کریں تو پورا ضرور کریں کیوں کہ پھل ہماری اچھی صحت کے لیے بےحد ضروری ہیں۔

تو اس نئے سال اپنے ارادہ سے 'کل' کو نکالیں اور فوراً اپنے وعدوں پر عمل کرنا شروع کردیں۔

آپ کھانوں کے حوالے سے خود سے کون کون سے وعدے اور ارادے کرتے ہیں؟ ہمیں کمنٹس میں بتائیں۔