کھیل

میلبرن ٹیسٹ: آسٹریلیا کو نیوزی لینڈ پر 456 رنز کی برتری

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 148رنز پر آؤٹ ہوئی، تیسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے 4وکٹوں پر 137رنز بنالیے۔

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ پر اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے تیسرے روز کے اختتام پر دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 137 رنز بنا کر 456 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔

میلبرن میں کھیلے جارہے باکسنگ ڈے میچ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

تیسرے روز کا کھیل شروع ہوا تھا تو نیوزی لینڈ کا اسکور 2 وکٹوں پر 44 رنز تھا، ٹام لیتھم 9 اور روس ٹیلر 2 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

تجربہ کار بلے باز ٹیلر صرف 2 رنز کا اضافہ کرپائے اور پیٹ کمنز کی گیند پر جو برنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے اور اگلی ہی گیند پر پیٹ کمنز نے ہینری نیکولس کو ایل بی ڈبلیو کرکے نیوزی لینڈ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔

بی جے واٹلنگ بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور 7 رنز بناکر جیمز پیٹنسن کی وکٹ بن گئے جس کے بعد 97 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کے 6 بلے باز پویلین سدھار چکے تھے۔

آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے اسکور 467 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 148 رنز پر آؤٹ ہوئی اور اسے 319 رنز کا خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹام لیتھم 50 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جیمز پیٹنسن نے 3 اور مچل سٹارک نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا لیے تھے اور اس کو 456 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

قبل ازیں ڈیوڈ وارنر 38، جو برنز 35، پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے مارنس لابوشین 19 اور اسٹیو اسمتھ 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

میتھیو ویڈ 15 اور ٹراوس ہیڈ 12 رنز بنا کر تیسرے روز کے اختتام پر وکٹ پر موجود تھے، نیوزی لینڈ کے ویگنر نے آسٹریلیا کی دو وکٹیں گرادیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا نے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو 296 رنز سے شکست دے کر 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

امریکا میں پاکستانی، بھارت کی لابنگ کا بھرپور جواب دیں، وزیراعظم

نیب ترمیمی آرڈیننس 2019 کا نوٹی فکیشن جاری

زمین کے مقناطیسی قطب شمالی نے سائنسدانوں کے ذہن گھما دیئے