فلپائن میں سمندری طوفان، ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی
طوفان 'فان فون' سے شدید متاثرہ علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز بھی منقطع ہوگئی۔
فلپائن میں کرسمس کے روز آنے والے سمندری طوفان 'فان فون' سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 28 تک پہنچ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق حکام نے کہا کہ بدھ کے روز 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے وسطی فلپائن کے متعدد دیہاتوں اور معروف سیاحتی مقامات میں تباہی مچائی۔
حکام نے طوفان سے اب تک 28 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جبکہ فان فون سے شدید متاثرہ علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز بھی منقطع ہوگئی۔
فلپائن کی قومی ڈیزاسٹر ایجنسی کے ترجمان مارک ٹِمبل نے بتایا کہ 'طوفان سے ہونے والی ہلاکتیں بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ 12 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔'
یہ ہلاکتیں پانی میں ڈوبنے، کرنٹ لگنے اور درخت گرنے کے باعث ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: فلپائن: سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی