لائف اسٹائل

اقرا عزیز اور یاسر حسین کی شادی کی تقاریب کا آغاز

شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے اور مایوں کی تصویر یاسر حسین نے انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔

2019 کا اختتام اداکارہ اقرا عزیز اور یاسر حسین کی شادی سے ہورہا ہے۔

اس جوڑی نے جولائی میں لکس اسٹائل ایوارڈ کی تقریب میں سب کے سامنے منگنی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

ایوارڈ تقریب میں یاسر حسین نے منفرد انداز میں اقرا عزیز کو منگنی کی پیش کش کی تھی جسے اداکارہ نے قبول کرتے ہوئے ان کی خوشی کو دوبالا کیا تھا۔

شادی کی پیش کش قبول کرنے کے بعد یاسر حسین نے اقرا عزیز کو سب کے سامنے لگا کر گال پر بوسہ بھی دیا تھا جس پر لوگوں کی جانب سے کافی سخت ردعمل بھی سامنے آیا تھا۔

دسمبر میں یہ خبریں سامنے آئیں کہ دونوں رواں ماہ کے اختتام تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے اور پھر انہوں نے اپنی شادی کا دعوت نامہ بھی شیئر کردیا تھا۔

انسٹاگرام فوٹو

اب ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے اور مایوں کی تصویر یاسر حسین نے انسٹاگرام پر شیئر کی ہے جس میں اداکار نے سفید رنگ کا کرتا شلوار پہن رکھا ہے جبکہ اقرا عزیز نے روایتی زرد رنگ کا جوڑا پہنا ہوا ہے۔

درحقیقت سوشل میڈیا پر اس تقریب کی متعدد تصاویر پوسٹ ہوئی ہیں۔

تصاویر میں دونوں کے چہروں پر ابٹن لگا ہوا ہے بلکہ کچھ تصاویر میں تو وہ خود ایک دوسرے کو ابٹن لگارہے ہیں۔

یہ جوڑا پہلے ہی اعلان کرچکا تھا کہ وہ شادی سادہ انداز سے کریں گے اور تصاویر سے بھی یہ اندازہ ہوتا ہے۔

جولائی میں ڈان کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اقرا عزیز نے کہا تھا کہ 'ان دونوں کی شادی جلد ہوگی، مگر ہم سادہ انداز سے شادی کرنا چاہتے ہیں جو ہمارے گھروں میں ہوگی، ہم اس کو پرتعیش نہیں بنانا چاہتے، اپنی شادی کے دن میں بس اس فکر سے آزاد رہنا چاہتی ہوں کہ لوگ ایک اداکارہ اقرا عزیز کو دیکھ رہے ہیں'۔

شادی کے سوال پر یاسر حسین نے بتایا تھا کہ 'شادی پر اگر میں سنیئر فنکاروں کو مدعو کرتا ہوں، تو میں دلہا کے طر پر ایک جگہ بیٹھ کر انہیں نظرانداز نہیں کرسکتا، یہ عدم احترام ہوگا، میرا خاندان میری شادی یں شریک ہوگا اور اس دن میں بس ان کی شرکت چاہتا ہوں، بعد ازاں ہم انڈسٹری کے دوستوں کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کریں گے'۔

انہوں نے مزید کہا 'ہم ایک شادی پر بہت زیادہ خرچہ کیوں کریں، اپنی شادی پر میں یہ مثال قائم کرنا چاہتا ہوں کہ ہم پرتعیش اور مہنگی شادی کے خواہشمند نہیں، قریبی دوستوں اور گھروانوں کے ساتھ شادی بھی کافی ہوتی ہے'۔

خیال رہے کہ دونوں کی شادی 28 دسمبر کو ہوگی۔

'یاسر حسین کی بدولت میری زندگی میں کافی تبدیلی آئی'

دماغ کا ایسا حیرت انگیز میکنزم جس کا انکشاف پہلی بار ہوا

ہواوے گوگل کی مقبول ایپس کا متبادل متعارف کرانے کے لیے تیار