نواز شریف کے ساتھ کھڑے رہنے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، مریم اورنگزیب
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کی گرفتاری پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہنے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے پاس لیگی رہنما احسن اقبال کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس نہیں تھا۔
مزیدپڑھیں: نارووال اسپورٹس سٹی کیس: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال گرفتار
واضح رہے کہ تحریک انصاف حکومت کے سخت ناقد احسن اقبال کو گزشتہ روز نیب نے نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے میں مبینہ بدعنوانیوں سے متعلق کیس میں گرفتار کرلیا تھا۔
اپنی گرفتاری سے کچھ دیر قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا تھا کہ حکومت نیب کے ذریعے مخالفین کی کردار کشی کر رہی ہے۔
اس ضمن میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ نارووال اسپورٹس سٹی منصوبہ تمام متعلقہ فورم سے منظور ہوا لیکن وزیراعظم عمران خان کو متعلقہ فورمز سے متعلق کوئی آگاہی نہیں کیونکہ حکومت ایس آر او پر مبنی سیلکٹڈ حکومت ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 'نارووال اسپورٹس سٹی منصوبہ پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں منظور ہوا لیکن اختیارات کا ناجائز استعمال کا الزام احسن اقبال پر لگایا جارہا ہے'۔
یہ بھی پڑھیں: گرفتاری سے قبل احسن اقبال کی گفتگو
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ، کچی کنال، نیلم جہلم، لیاری ایکسپریس، لواری ٹنل اور اسی طرح نارووال اسپورٹس سٹی جیسا مردہ منصوبہ احسن اقبال نے نواز شریف کی قیادت میں زندہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہنے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے جبکہ موجودہ حکومت ہر وعدے پر یوٹرن لے رہی ہے'۔
دوران گفتگو مریم اورنگزیب نے کہا کہ 'احسن اقبال کو اس لیے گرفتار کیا گیا کیونکہ ملک میں روزگار میسر نہیں اور پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے بند ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'ایف آئی اے کے ہاتھوں ایک کھرب کے پشاور میٹرو کے کھڈوں کی انکوائری رکوانے کے لیے پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور خیبرپختونخوا کی حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا'۔
ان کا کہنا تھا کہ غیرملکی فنڈنگ کیس میں 26 اکاؤنٹس کے ذریعے پیسے ملک میں آئے لیکن ان میں سے صرف ایک پر جواب موصول ہوا کہ مقدمے کی معلومات کو خفیہ رکھا جائے۔
مزید پڑھیں: 'منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے ڈھائی ارب روپے بھی ضائع کیے'
خیال رہے کہ احسن اقبال نے کہا تھا کہ انہوں نے نارووال اسپورٹس سٹی منصوبہ کے ساتھ کچھ نہیں کیا کیونکہ یہ منصوبہ 2009 میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے دور میں شروع کیا گیا اور وہ اس وقت وفاقی وزیر نہیں تھے۔
انہوں نے کہا تھا کہ جب تحریک انصاف کی حکومت اقتدار میں آئی تھی نارووال اسپورٹس سٹی کا منصوبہ 90 فیصد مکمل ہوگیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے اسے کھنڈر میں تبدیل کردیا۔
یہاں یہ بات واضح رہے کہ احسن اقبال 5 مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سابق دور میں وہ وزیر منصوبہ بندی اور بعد ازاں وزیر داخلہ رہے تھے۔