راولپنڈی اور کراچی ٹیسٹ میچ پاکستان کرکٹ کا ٹرننگ پوائنٹ ہے، احسان مانی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور کراچی ٹیسٹ میچ پاکستان کرکٹ کا ٹرننگ پوائنٹ ہے جبکہ سری لنکا کو پاکستان لانا ہمارے لیے ہائی رسک تھا مگر انہوں نے پاکستان پر اعتماد ظاہر کیا۔
سری لنکا سے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں کامیابی کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آحسان مانی نے کہا کہ ملک میں کرکٹ کی بحالی سب سے بڑا کام تھا، ملک میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کھیلے گئے اور یہاں پر مختلف ممالک کی 'بی' ٹیمز بھی آئیں لیکن ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی بہت بڑا سنگ میل ہے جسے آج ہم نے حاصل کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شائقین کرکٹ کے لیے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی بہت بڑا لینڈ مارک ایونٹ ہے، اب تمام ممالک کو معلوم ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ واپس آگئی ہے اور پاکستان بلکل محفوظ ملک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف دونوں ٹیسٹ کے دوران کسی بھی قسم کا کوئی حادثہ یا واقعہ نہیں ہوا، ٹیسٹ کرکٹ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے سری لنکن کھلاڑی بہت خوش ہوئے اور وہ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ انہیں پاکستان میں سیر و تفریح کی بھی آزادی ہونی چاہیے، جبکہ وہ وقت بھی جلد آئے گا جب پاکستان میں کھلاڑی آزادی سے گھوم پھر سکیں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کرکٹ کیلئے محفوظ ہے، 200 فیصد سیکیورٹی ملی، سری لنکن کپتان
احسان مانی نے کہا کہ راولپنڈی اور کراچی ٹیسٹ میچ پاکستان کرکٹ کا ٹرننگ پوائنٹ ہے، ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کا کریڈیٹ منصوبہ سازی کرنے والوں سمیت میڈیا سے وابستہ صحافیوں اور شائقین کرکٹ کو بھی جاتا ہے، جبکہ ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی میں شائقین کرکٹ سے ملنے والی سپورٹ سے بڑی کوئی چیز نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصے قبل آسٹریلین کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹ اور ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن بھی یہاں آئے تھے اور ان دونوں مہمانوں نے واپس جاتے ہوئے کہا تھا کہ کھلاڑیوں کی جتنی سیکورٹی برطانیہ میں ہوتی ہے اتنی ہی پاکستان میں بھی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ سے پہلے پی سی بی نے غیر ملکی کرکٹرز مانگے تھے جس کے جواب میں 425 غیر ملکی کرکٹرز نے پاکستان آکر پی سی بی کے میچ کھیلنے کا عندیہ دیا ہے، جن میں سے مختلف فرنچائزز نے 30 سے 35 کرکٹرز کو منتخب کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے 13 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز جیت لی
بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے احسان مانی نے کہا کہ بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ سے بات چیت جاری ہے، ہوم سیریز پاکستان میں ہی کھیلی جائے گی، کسی بھی ملک سے کرکٹ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے پاس پاکستان نہ آنے کی کوئی وجہ نہیں ہے، بنگلہ دیش کی سیکیورٹی ٹیم پاکستان آئی تھی اور ہمیں ان سے کوئی منقی تاثر نہیں ملا بلکہ مثبت تاثر ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کو پاکستان لانا ہمارے لیے ہائی رسک تھا مگر سری لنکن بورڈ اور کھلاڑیوں نے پاکستان پر اعتماد ظاہر کیا اور پاکستان آکر ٹیسٹ کرکٹ کھیلی۔