800 سی سی پرنس پرل یکم فروری 2020 سے صارفین کو دستیاب ہوگی اور یہ براہ راست براوو اور 660 سی سی آلٹو کو ٹکر دے گی۔
یہ گاڑی ممکنہ طور پر مینوئل اور آٹومیٹک دونوں ورژن میں دستیاب ہوگی جبکہ قیمت کا بھی فی الحال اعلان نہیں کیا گیا مگر امکان ہے کہ یہ 9 لاکھ 50 ہزار روپے سے ساڑھے 10 لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی نے قیمت کا اعلان اس لیے نہیں کیا کیونکہ وہ فروری سے قبل روپے اور ڈالر کی قیمت کو مدنظر رکھ کر حتمی قیمت طے کرنا چاہتی ہے۔
یہ گاڑی 800 سی سی انجن سے لیس ہوگی جس میں 4 اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق یہ گاڑی ایندھن کی بچت میں بھی مددگار ہوگی جو فی لیٹر 18 کلومیٹر کی ایوریج دے گی جبکہ دیگر فیچرز جیسے پاور ونڈوز، پاور اسٹیئرنگ، ڈیجیٹل انسٹرومنٹ کلسٹر، 5.8 انچ کا انفوٹینمنٹ ٹچ اسکرین سسٹم، بلیوٹوتھ اور ایس ڈی کارڈ، اسکرین مررنگ، اے سی سسٹم اور دیگر نمایاں ہوں گے۔
گزشتہ سال یونائیٹڈ براوو گاڑی کو مقامی مارکیٹ میں متعارف کرایا گیا تھا جو سوزوکی مہران کے مقابلے پر پیش کی گئی تھی۔
پاک سوزوکی نے 2019 میں مہران کی پروڈکشن ختم کرکے نئی 660 سی سی آلٹو کو متعارف کرایا اور پرنس پرل مہران کو ختم کیے جانے سے پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنے کے لیے پیش کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ ریگل اٹوموبائل انڈسٹریز لمیٹڈ نے لاہور میں اسمبلنگ پلانٹ تعمیر کیا تھا جو ملک میں تیسری بڑی بائیک اسمبل کرنے والی کمپنی بھی ہے۔
آٹو پالیسی برائے سال 21-2016 میں نئے سرمایہ کاروں کے لیے مراعات کے اعلان کے بعد ریگل آٹو موبائلز لمیٹڈ نے چینی کمپنی کے تعاون سے پاکستان میں آٹو کے شعبے میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا تھا۔
اس کمپنی نے چین کی ڈی ایف ایس کے گروپ کے ساتھ تیکنیکی شراکت داری کا معاہدہ کیا تھا تاکہ پرنس کے نام سے گاڑیاں اسمبل کرسکے۔