پاکستان

ایل او سی: پاک فوج کا بھارتی اشتعال انگیزی پر بھرپور جواب

اشتعال انگیزی کےجواب میں دیوا سیکٹر پر بھارتی پوسٹوں کے تباہ ہونے،فوجیوں کےبھاری جانی نقصان کی اطلاعات ہیں،آئی ایس پی آر

پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کنٹرول لائن پر جاری بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ اشتعال انگیزی کے جواب میں دیوا سیکٹر پر بھارتی پوسٹوں کے تباہ ہونے اور بھارتی فوجیوں کے بھاری جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کرن اور وادی نیلم میں بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کے برعکس فائرنگ کا کوئی بڑا تبادلہ نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے نوجوان سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ 'پاک فوج نے شہری آبادی پر بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا جس سے فائرنگ کرنے والی بھارتی پوسٹ کو نقصان پہنچا۔'

مزید پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوان بھی زخمی ہوئے۔

ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

حکام کے مطابق رواں برس ایل او سی پر بھارتی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر میں درجنوں افراد شہید اور 250 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔