کم کارڈیشین کو 'سیاہ چہرہ' کرنے پر تنقید کا سامنا
امریکی ماڈل، اداکارہ اور بزنس وومن کم کارڈیشین ویسٹ کو اپنے ایک میگزین شوٹ کی تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
امریکی ماڈل نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک میگزین شوٹ کی تصاویر شیئر کیں جس میں وہ سیاہ لباس میں موجود نظر آئیں، البتہ جو بات سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بنی وہ یہ تھی کہ اس موقع پر کم کارڈیشین نے اپنے چہرے کو میک اپ کی مدد سے سیاہ کیا ہوا تھا۔
سوشل میڈیا پر صارفین انہیں 'براؤن فیس' کرنے پر تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں جبکہ کچھ کا ماننا ہے کہ انہوں نے اپنے اس عمل سے سیاہ فام خواتین کی تضحیک کی ہے۔
کم کارڈیشین نے یہ فوٹو شوٹ 7 ہولی وڈ نامی میگزین کے لیے کروایا، اس موقع پر وہ نامور فرانسیسی ڈیزائنر میوگلر کا ڈیزائنر کردہ گاؤن پہنے نظر آئیں۔
ماڈل نے اس فوٹو شوٹ کو شاندار قرار دیا جبکہ یہ بھی کہا کہ میوگلر کی جانب سے بنایا گیا لباس پہن کر فوٹو شوٹ کروانا 'خواب' جیسا تھا۔
مزید پڑھیں: کم کارڈیشین کی 39ویں سالگرہ پر شوہر نے دیا سب سے ’قیمتی‘ تحفہ
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فوٹو شوٹ پر تبصرے جاری کردیے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ایک سیاہ فام خاتون ہونے کے باوجود مجھے ان تصاویر کو دیکھ کر بالکل خوشی نہیں ہوئی، لوگ ہم سے نفرت کرتے ہیں اور آپ ہماری رنگت کو زیور بناکر پہننے کی کوشش کررہی ہیں؟ ہماری محنت کو جاکر دھو لیں، شہرت کے لیے کچھ بھی کیا جارہا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'میں اس وقت بےحد غصے میں ہوں، یہ ہماری ثقافت سے صرف فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہیں'۔
واضح رہے کہ کم کارڈیشین نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی اس فوٹو شوٹ کی تصاویر شیئر کیں۔
انسٹاگرام پر ان کی تصاویر پر کمنٹ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ 'یہ ان خواتین کے لیے افسوس ناک ہے جن کے پاس یہ آپشن نہیں کہ وہ جب چاہیں اپنے چہرے کو دھو کر سفید کرلیں یا پھر واپس سیاہ ہوجائیں'۔
ایک اور صارف نے کمنٹ کیا کہ 'آپ کو مستقبل میں بہترین فوٹو شوٹس کا انتخاب کرنے کی ضرورت ہے، ایسے جن سے کسی کا دل نہ دکھے'۔
دوسری جانب کم کارڈیشین اور 7 ہولی وڈ میگزین کے مالکان دونوں نے ہی معاملے پر اب تک کوئی ردعمل نہیں دیا۔
البتہ اداکارہ کے قریبی ذرائع کے مطابق کم نے اس فوٹو شوٹ کے لیے چہرے کو سیاہ نہیں کیا بلکہ یہ تصاویر شوٹ کے دوران موجود روشنی کی وجہ سے ایسی آئی ہیں۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب کم کارڈیشین کو 'براؤن فیس' کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہو۔
2017 میں جب اداکارہ نے اپنا میک اپ برانڈ 'کے کے ڈبلیو بیوٹی' لانچ کیا تو اس موقع پر بھی کچھ ایسی تصاویر جاری کیں جن میں انہوں نے میک اپ کی مدد سے اپنے چہرے کو سیاہ کر رکھا تھا۔
اس وقت بھی اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس پر بعدازاں کم کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے برانڈ میں موجود ہر قسم کے میک اپ کی تشہیر کے لیے یہ شوٹ کروایا تھا۔