پاکستان

پاک ۔ افغان سرحد پر ریموٹ کنٹرول دھماکا، ایک جوان شہید، 4 زخمی

'آئی ای ڈی' حملہ لنڈی کوتل میں کنڈاؤ سر پوسٹ کے قریب باڑ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر کیا گیا، آئی ایس پی آر

پاک اور افغانستان کی سرحد پر شدت پسندوں کے ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں ایک جوان شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 'آئی ای ڈی' حملہ لنڈی کوتل میں پاک ۔ افغان سرحد پر کنڈاؤ سر پوسٹ کے قریب باڑ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر کیا گیا۔

حملے میں لانس نائیک تقدیر علی اورکزئی شہید اور 4 جوان زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ سرحد پر باڑ لگانے کے دوران افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے وقفے وقفے سے متعدد مرتبہ پاک فوج پر حملے کیے ہیں، جن میں کئی جوان شہید بھی ہوچکے ہیں۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان 2 ہزار کلومیٹر سے زائد طویل سرحد پر باڑ لگانے کا کام جاری ہے اور پاکستان پہلے ہی 900 کلو میٹر سے زائد حصے پر یہ کام مکمل کرچکا ہے۔

مزید پڑھیں: پاک-افغان سرحد پر دھماکا، پاک فوج کے میجر اور سپاہی شہید

اس باڑ لگانے کا مقصد شرپسندوں اور دہشت گردوں کی پاک ۔ افغان سرحد پر نقل و حرکت کو روکنا ہے۔

افغانستان سے 29 اکتوبر کو سرحد پار فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوانوں سمیت 11 افراد زخمی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا 'افغان فورسز نے صوبے کنڑ سے چترال کے چترال کے گاؤں آروندو کی شہری آبادی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 6 جوان اور ایک خاتون سمیت 5 شہری زخمی ہوئے'۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 'افغان سیکیورٹی فورسز نے مارٹر گولوں اور بھاری مشین گنوں کا استعمال کیا'۔

20 ستمبر کو صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں پاک-افغان سرحد پر آئی ای ڈی دھماکے سے پاک فوج کا میجر اور سپاہی شہید ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے میجر عدیل شاہد اور سپاہی فراز حسین نے پاک افغان سرحد پر جام شہادت نوش کیا۔

قبل ازیں 14 ستمبر کو پاک-افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے دو واقعات میں پاک فوج کے 4 جوان شہید اور ایک شدید زخمی ہو گیا جبکہ جوابی کارروائی میں 2 شدت پسند بھی مارے گئے تھے۔