پاکستان

'بھارتی آرمی چیف کا بیان شہریت قانون پر جاری احتجاج سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے'

پاکستانی افواج کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے، آئی ایس پی آر

پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف بیپن روات کا بیان ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی دنیا کی توجہ شہریت ترمیمی ایکٹ (سی اے اے) پر ہونے والے مظاہروں سے ہٹانے کی کوشش ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی آرمی چیف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر حالات کسی بھی وقت کشیدہ ہوسکتے ہیں۔

بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ‘ہم (بھارتی فوج) کسی بھی قسم کی کشیدگی نے نمٹنے کے لیے تیار ہیں'۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ بھارتی آرمی چیف بیپن روات کا بیان ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی دنیا کی توجہ شہریت ترمیمی ایکٹ (سی اے اے) پر بھارت میں ہونے والے مظاہروں سے ہٹانے کی کوشش ہے۔

پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ پاکستانی افواج کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دو روز قبل آزاد کشمیر کے دو مختلف سیکٹرز میں بھارتی فورسز کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے ایک پاکستانی بچہ شہید اور دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: بھارتی سپریم کورٹ نے شہریت کے نئے قانون پر عملدرآمد روکنے کی اپیلیں مسترد کردیں

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مرکزی حکومت نے گزشتہ دنوں پارلیمنٹ میں بھارتی شہریت کے حوالے سے متنازع بل منظور کیا تھا جس کے تحت 31 دسمبر 2014 سے قبل پڑوسی ممالک سے غیرقانونی طور پر بھارت آنے والے افراد کو شہریت دی جائے گی لیکن مسلمان اس کا حصہ نہیں ہوں گے۔

اس ترمیمی قانون کے بعد بھارت میں مظاہرے پھوٹ پڑے تھے اور شمال مشرقی ریاستوں میں ہونے والے احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ اور تشدد سے 6 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ انٹرنیٹ کی معطلی اور کرفیو بدستور نافذ ہے۔

شہریت ترمیمی قانون ہے کیا؟

شہریت ترمیمی قانون کا مقصد پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان کے 6 مذاہب کے غیرمسلم تارکین وطن ہندو، عیسائی، پارسی، سکھ، جینز اور بدھ مت کے ماننے والوں کو بھارتی شہریت فراہم کرنا ہے، اس بل کے تحت 1955 کے شہریت ایکٹ میں ترمیم کر کے منتخب کیٹیگریز کے غیرقانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت کا اہل قرار دیا جائے گا۔

اس بل کی کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں اور مذہبی جماعتوں کے ساتھ ساتھ انتہا پسند ہندو جماعت شیوسینا نے بھی مخالفت کی اور کہا کہ مرکز اس بل کے ذریعے ملک میں مسلمانوں اور ہندوؤں کی تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

بھارتی شہریت کے ترمیمی بل 2016 کے تحت شہریت سے متعلق 1955 میں بنائے گئے قوانین میں ترمیم کی جائے گی۔

اس بل کے تحت 31 دسمبر 2014 سے قبل 3 پڑوسی ممالک سے بھارت آنے والے ہندوؤں، سکھوں، بدھ مت، جینز، پارسیوں اور عیسائیوں کو بھارتی شہریت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: غیرمسلم تارکین وطن کو شہریت دینے کا بل لوک سبھا میں پیش

اس بل کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتوں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ بل کے تحت غیر قانونی طور پر بنگلہ دیش سے آنے والے ہندو تارکین وطن کو شہریت دی جائے گی، جو مارچ 1971 میں آسام آئے تھے اور یہ 1985 کے آسام معاہدے کی خلاف ورزی ہوگی۔

خیال رہے کہ آسام میں غیر قانونی ہجرت ایک حساس موضوع ہے کیونکہ یہاں قبائلی اور دیگر برادریاں باہر سے آنے والوں کو قبول نہیں کرتیں اور مظاہرین کا ماننا ہے کہ اس بل کی منظوری کے بعد ریاست آسام میں مہاجرین کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔