اقرا و یاسر کی شادی کا کارڈ بھارتی کامیڈین کے کارڈ کی کاپی نکلا؟
پاکستانی ڈراموں اور ٹی وی کی مقبول جوڑی یاسر حسین اور اقرا عزیز نے رواں برس جولائی میں کراچی میں ہونے والے لکس اسٹائل ایوارڈ کی تقریب میں سب کے سامنے منگنی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔
ایوارڈ تقریب میں یاسر حسین نے منفرد انداز میں اقرا عزیز کو منگنی کی پیش کش کی تھی جسے اداکارہ نے قبول کرتے ہوئے ان کی خوشی کو دوبالا کیا تھا۔
شادی کی پیش کش قبول کرنے کے بعد یاسر حسین نے اقراء عزیز کو سب کے سامنے لگا کر گال پر بوسہ بھی دیا تھا جس پر لوگوں کی جانب سے کافی سخت ردعمل بھی سامنے آیا تھا۔
منگنی کے بعد مداحوں نے ان سے جلد شادی کرنے کی فرمائش کی اور چند دن قبل یہ خبریں سامنے آئیں کہ دونوں رواں ماہ کے اختتام تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے اور دو دن قبل ہی جوڑے نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کا دعوت نامہ شیئر کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔
دونوں نے اپنے انسٹاگرام پر شادی کا دعوت نامہ شیئر کیا جو پاکستانی شوبز شخصیات کی اب تک ہونے والی شادیوں کے دعوت ناموں سے مختلف تھا اور اسی وجہ سے ان کے دعوت نامے کو پذیرائی بھی ملی۔