جے پی مورگن کے تجزیہ کاروں کے مطابق ایپل کی جانب سے 2020 کی دوسری ششماہی میں 4 نئے آئی فونز 12 متعارف کرائے جائیں گے جن میں سے ایک 5.4 انچ، دوسرا 6.7 انچ جبکہ باقی دو 6.1 انچ ڈسپلے کے ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق بڑے آئی فون میں سنسر شفٹ ٹیکنالوجی دیئے جانے کا امکان ہے جو بہتر معیار کی حرکت کرتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز لینے میں مدد دے گی۔
ایپل کے حوالے سے درست پیشگوئیاں کرنے والے تجزیہ کار منگ چی کیو نے بھی کچھ اسی قسم کی بات کی تھی، مگر انہوں نے پہلی ششماہی کے دوران آئی فون ایس ای 2 کو پیش کیے جانے کا دعویٰ بھی کیا ہے، تو اس طرح 2020 میں پہلی بار 5 نئے آئی فونز متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
آئی فون 12 کے تمام ماڈلز میں سے ایک یا 2 میں پہلی بار یہ کمپنی فائیو جی سپورٹ بھی دے گی جبکہ بیک پر تین کیمروں کے سیٹ اپ میں ورلڈ فیسنگ تھری ڈی سنسگ کیمرا بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔
اسٹینڈرڈ آئی فون 12 ماڈلز میں ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہوگا اور فائیو کی جگہ فورجی سپورٹ برقرار رکھی جائے گی۔
دوسری جانب گزشتہ دنوں نئی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایپل کی جانب سے کوالکوم کے الٹراسونک فنگرپرنٹ اسکینر کو اگلے سال کم از کم ایک نئے آئی فون میں استعمال کیا جائے گا۔
یہ الٹرا سونک فنگرپرنٹ اسکینر سام سنگ کے گلیکسی ایس 10 اور نوٹ 10 میں استعمال ہوئے ہیں اور اس طرح فنگرپرنٹ سنسر کو اسکرین کے اندر نصب کیا گیا۔
مگر ایپل کے حوالے سے یہ اس لیے حیران کن پیشرفت ہے کیونکہ اس نے فنگرپرنٹ سنسر کو اپنے فونز سے نکال دیا تھا اور اب ایک بار پھر ٹچ آئی ڈی فیچر کو واپس لانے پر غور کررہی ہے۔
سام سنگ کے مقابلے میں نئے آئی فونز میں اگر اس ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا تو تھری ڈی سونک میکس کو آزمائے جانے کا امکان ہے جو کہ گلیکسی ایس 10 کے مقابلے میں زیادہ بڑا سنسر ہے اور صارف کو شناخت کے لیے ایک کی بجائے 2 انگلیوں کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔