آرمی چیف سے امریکی سینیٹر کی ملاقات، افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال
جنرل قمر جاوید باجوہ اور لنزے گراہم کی ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی پر بھی بات کی گئی، ڈی جی آئی ایس پی آر
امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اہم ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹرجنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ میں بتایا کہ امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے چیف آف آرمی اسٹاف سے ملاقات کی۔
ان کے مطابق ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل کے ساتھ ساتھ علاقائی سیکیورٹی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ امریکی سینیٹر نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کیا۔
وزیراعظم سے ملاقات
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی بحرین روانگی سے قبل امریکی سینیٹر نے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی تھی۔