’نیب سے پلی بارگین نہ کی تو بلاول کی سیاست ختم ہو جائے گی‘
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وہ مریم نواز، فریال تالپور اور آصف علی زرداری کو ملک سے باہر جاتا ہوا نہیں دیکھ رہے جبکہ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پلی بارگین نہ کی تو بلاول بھٹو کی سیاست ختم ہو جائے گی۔
لاہور ریلوے اسٹیشن پر جلوشٹل ٹرین کا افتتاح کے موقع پر شیخ رشید نے آئندہ 15 روز میں رائےونڈ ٹرین کا افتتاح کرنے کا بھی اعلان کیا۔
اس موقع پر انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال میں وزیراعظم عمران خان خود گوجرانوالہ شٹل ٹرین کا افتتاح کریں گے۔
دوران خطاب انہوں نے سیاسی گفتگو بھی کی اور کہا کہ مجھے فریال تالپور، مریم نواز اور آصف علی زرداری بیرونِ ملک باہر جاتے نہیں دکھ رہے۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری سے پلی بارگین شروع ہوگئی، شیخ رشید کا انکشاف
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول پر بھی کیس ہے اگر نیب سے پلی بارگین نہیں کی تو بلاول کی سیاست ختم ہو جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے معاملے میں کچھ لو اور کچھ دو سے کام لینا چاہیے کہ معاملے پر ان کا کہنا تھا ایک جانب سیاسی جماعتیں چاہتی ہیں کہ انتخابات شفاف ہوں دوسری جانب ہر جماعت چاہتی ہے کہ اس کا نامزد کردہ شخص الیکشن کمنشر تعینات ہو جو درست نہیں۔
لاہور کے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیولوجی پر وکلا کے حملے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی بنا پر پوری قوم غمزدہ ہے جس سے قوم کا تشخص پوری دنیا میں مجروح ہوا۔
مزید پڑھیں: شیخ رشید کا ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، بیڈ گورننس کا اعتراف
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے بارے میں دنیا کی رائے یہ ہے کہ یہ قوم نہیں ایک ہجوم ہے اور یہ انسانیت کے دشمن ہیں۔
آج پاکستان کے ایک پڑھے لکھے گروپ کو انسانیت کا دشمن قرار دے دیا گیا، دنیا بھر میں انسانیت کو مذہب قرار دیا جاتا ہے جبکہ پاکستان میں مذہب تو دور ہسپتالوں اور مریضوں کو بھی معاف نہیں کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر اللہ نے چاہا تو 2 سے 3 مہینوں میں عمران خان کی حکومت مہنگائی، پانی، بجلی، گیس کے بلوں پر کنٹرول کر لے گی۔
پی آئی سی پر وکلا کے حملے کے واقعے کی ذمہ داری کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اُس وقت وزیراعلیٰ پنجاب، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس اور چیف سیکریٹری تینوں اسلام آباد میں تھے لیکن کسی نہ کسی کو یہاں ہونا چاہیے تھا۔
یہ بھی دیکھیں: سرگودھا میں شیخ رشید کی آمد پر جیالے نے ٹرین پر انڈے دے مارے
ان کا کہنا تھا کہ لاہور، پاکستان دل ہے اور جو کچھ یہاں ہوا اس سے پوری قوم کے جذبات مجروح ہوئے اور سب کے دل رنجیدہ ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے ان کے ساتھ ہاتھ کردیا، چند روز قبل انہوں نے خود اس بات کا اعتراف کیا کہ احتجاجی مارچ سے ان دونوں کو ہی فائدہ پہنچا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن دسمبر کو حکومت کے لیے آخری مہینہ کہتے ہیں مگر سال نہیں بتاتے۔
انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو متنازع شہریت بل پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی آمر نے مسلمانوں کا جینا دو بھر کردیا ہے جس سے پاکستان اور بھارت میں کشیدگی بڑھے گی۔