پاکستان کے نامور اداکار ساجد حسن کا ملک چھوڑ جانے کا عندیہ
لیجنڈ اداکار ساجد حسن نے ملکی صورتحال پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ملک چھوڑ کر بیرون ملک منتقل ہونے کا عندیہ دے دیا۔
اداکارہ ثمنیہ پیرزادہ کے ساتھ یوٹیوب پروگرام ’روائنڈ ود ثمینہ پیرزادہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ساجد حسن کا کہنا تھا کہ خدا نے انہیں اپنی اوقات سے بڑھ کر دیا، جس وجہ سے انہوں نے سیاست میں آکر دی ہوئی نعمتوں میں سے کچھ واپس لوٹانا چاہا مگر انہیں ایسا بھی نہیں کرنے دیا جا رہا۔
ساجد حسن نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اتنے مایوس ہو چکے ہیں کہ وہ پاکستان سے چلے جانے کا سوچ رہے ہیں اور وہ یہاں سے چلے جائیں گے۔
ساجد حسن نے کہا کہ ’ہمارے ملک میں بڑے بڑے نامور لوگوں کے کیرئیر تباہ ہوگئے، مجھے پورے ملک میں کوئی نہیں جانتا اور اگر میں بھی دیگر بڑے لوگوں کی طرح تباہ ہوگیا تو کسی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا‘۔
ان کے مطابق یہ ملک بے حس ہوچکا ہے اور یہاں بڑے بڑے لوگوں کا کیریئر تباہ کیا گیا اور جو کوئی بھی اچھا کام کرنا چاہتا ہے تو انہیں کرنے نہیں دیا جاتا۔
اداکار نے ملک کو بے حس قرار دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ہماری حکومت اور انتظامیہ بھی غیر فعال ہے اور ان سے کوئی ڈھنگ کا کام نہیں ہو پا رہا، آج نریندر مودی نے وادی کشمیر پر قبضہ کیا ہے کل کو وہ آزاد کشمیر اور پھر پنجاب کو بھی اپنا کہیں گے۔