کھیل

راولپنڈی ٹیسٹ کا دوسرا دن بارش کی نذر، صرف18اوورز کا کھیل ہو سکا

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے دن کا کھیل بارش کی نذر ہونے کے بعد میچ ڈرا ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل بارش سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور پورے دن میں صرف 18.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سری لنکا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو دھننجیا ڈی سلوا اور نروشن ڈکویلا وکٹ پر موجود تھے۔

ابھی دن کے 8اوور کا کھیل بھی مکمل نہ ہوا تھا کہ بارش نے میچ میں مداخلت کردی اور اس کے بعد ساڑھے 3گھنٹے تک دوبارہ کھیل شروع نہ ہو سکا۔

اس دوران کھیل دوبارہ شروع کرنے کی متعدد کوششیں کی گئیں لیکن مسلسل بارش اور گیلے میدان کے سبب کھیل کا آغاز ممکن نہ ہو سکا۔

بارش کے بعد کھیل شروع ہوا تو ساڑھے تین گھنٹے آرام کرنے والے فاسٹ باؤلرز کو باؤلنگ دینے کے بجائے اسد شفیق اور حارث سہیل سے گیند کرادی گئی۔

چند اوورز کے بعد پاکستان نے نئی گیند لے لی اور اور نئی گیند سے پانچویں ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے ڈکویلا کی 33رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

گراؤنڈ اسٹاف نے میدان میں موجود پانی کو خشک کر کے آؤٹ فیلڈ کو کھیل کے قابل بنانے کی کافی کوشش کی لیکن مسلسل بارش کے سبب ممکن نہ ہو سکا— فوٹو: اے ایف پی

اسے قبل کہ پاکستانی ٹیم مزید وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کرتی، میچ میں ایک مرتبہ پھر بارش نے مداخلت کردی اور امپائرز نے کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا اشارہ کردیا۔

اس کے بعد میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور امپائرز نے مشاورت کے بعد دوسرے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

میچ کے دوسرے دن صرف 18.2اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا اور اب تک دو دن میں صرف 86.3اوورز کرائے گئے ہیں جس کے بعد اس میچ کا نتیجہ آنا بعیدازقیاس ہی محسوس ہوتا ہے۔

سری لنکا نے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر 6وکٹوں کے نقصان پر 263رنز بنائے تھے، دھننجیا ڈی سلوا 72رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے دو دو، جبکہ عثمان شنواری اور محمد عباس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے ذریعے ملک میں 10سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے۔