'پہاڑ نوجوانوں کے لیے اہم ہیں'
سال 2019 ختم ہونے والا ہے، یہ برس سائنس و ٹیکنالوجی میں بہت سی اہم پیش رفت کے باعث عشرے کا یادگار سال رہے گا۔
اپریل 2019 میں سامنے آنے والی بلیک ہول کی واضح تصاویر اور اسپیس ایکس کی خلا کے سفر کی فتوحات قابل ذکر ہیں۔
مگر دوسری طرف دنیا بھر کے سائنسی حلقے سارا سال بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ کی وجہ سے زمین پر نسل انسانی کو لاحق خطرات کو اجاگر کرتے نظر آئے۔
سال کے اختتام پر مختلف سائنسی جریدوں اور تحقیقی اداروں کی جانب سے اگلے سال کے لیے جن بڑے چیلنجز کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں ان میں ماحولیاتی تبدیلیاں صف اول پر ہیں۔
فی الوقت غیر ذمہ دارانہ انسانی سرگرمیوں کے باعث دنیا کے ہر خطے میں بڑے پیمانے پر ماحولیاتی و موسمی تبدیلیاں واقع ہو چکی ہیں۔ بڑھتی ہوئے عالمی درجۂ حرارت سے انٹارکٹیکا کے گلیشئرز پہلے کی نسبت 5 فیصد تیزی کے ساتھ پگھل رہے ہیں جس سے ساحل سمندر پر آباد بہت سے جدید شہروں کے غرق آب ہونے کے خطرات بڑھ گئے ہیں تو دوسری جانب بارشوں کی کمی اور خشک سالی سے دنیا بھر میں کئی نایاب جھیلیں اور دریا یا تو مکمل طور پر خشک ہو چکے ہیں یا تباہی کے دہانے پر ہیں۔