فن لینڈ کی 34 سالہ سانا مارین دنیا کی کم عمر ترین وزیر اعظم بن گئیں
یورپی ممالک ناروے اور سویڈن کے پڑوسی ملک فن لینڈ کی 34 سالہ سیاستدان سانا مارین دنیا کی کم عمر ترین وزیر اعظم بن گئیں۔
سانا مارین جہاں دنیا کی کم عمر ترین وزیر اعظم بنی ہیں، وہیں وہ فن لینڈ کی اب تک بننے والی تیسری خاتون وزیر اعظم بھی بنی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہےکہ سانا مارین پہلی بار فن لینڈ کی 5 سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے بننے والی حکومت کے تحت وزیر اعظم بنی ہیں اور اس اتحاد میں شامل پانچوں سیاسی جماعتوں کی سربراہی خواتین کے پاس ہے۔
34 سالہ سانا مارین کا تعلق فن لینڈ کی معروف سیاسی جماعت ’سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس ڈی پی) سے ہے اور وہ گزشتہ ہفتے مستعفیٰ ہونے والے وزیر اعظم اینتی رینے کی جانب سے عہدہ چھوڑنے کے بعد وزیر اعظم بنی ہیں۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی اعلیٰ کونسل میں شامل 32 ارکان میں سے 29 ارکان نے 34 سالہ خاتون کو وزیر اعظم بنانے کے لیے ووٹ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: فن لینڈ کے وزیراعظم پوسٹل ملازمین کے شدید احتجاج پر مستعفی
سانا مارین سے قبل بھی اسی سیاسی جماعت کے اینتی رینے وزیر اعظم تھے اور اس جماعت کو رواں برس اپریل میں ہونے والے انتخابات میں سب سے زیادہ اکثریت حاصل تھی۔