ٹیپ کی مدد سے دیوار سے چپکا ’کیلا‘ 2 کروڑ روپے سے زائد میں فروخت
اٹلی کے ماہر آرٹسٹ کو کئی سال سوچ میں گزارنے کے بعد اصلی کیلوں کو ٹیپ کی مدد سے دیوار پر لٹکانے کا خیال آیا۔
عام طور پر دنیا بھر میں مہنگے سے مہنگا کیلا بھی 100 سے 250 روپے کے درمیان فروخت ہوتا ہے، تاہم امریکا کے ایک آرٹ میوزیم میں ایک کیلا ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد میں فروخت ہوا ہے۔
جی ہاں، اس خبر میں کوئی بھی غلط بیانی نہیں ہے اور نہ ہی 2 کروڑ 30 لاکھ روپے میں فروخت ہونے والا ’کیلا‘ سونے یا چاندی کا تھا بلکہ فروخت ہونے والا کیلا پھل فروش سے خریدا گیا تھا۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی بیچ کے ایک آرٹ میوزیم میں فروخت کے لیے پیش کیے گئے 3 میں سے 2 کیلے فروخت ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق فروخت کے لیے پیش کیے گئے دونوں کیلے ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر کے عوض فروخت ہوئے یعنی ہر کیلا پاکستانی 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد کی رقم میں فروخت ہوا۔