مسلمانوں کی فتوحات پر مبنی ڈراما ’دیریلیش ارطغرل‘ پی ٹی وی پر نشر ہوگا
پاکستان میں اگرچہ گزشتہ کئی سال سے ترکش ڈراموں اور فلموں کو اردو میں ترجمہ کرکے پیش کیا جا رہا ہے، تاہم پاکستانی شائقین کو مسلمانوں کی فتوحات کی کہانی پر مبنی شہرہ آفاق ترکش ڈرامے ’دیریلیش ارطغرل‘ کی ریلیز کا انتظار ہے۔
’دیریلیش ارطغرل‘ کو اردو زبان میں ترجمہ کرکے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر کرنے سے متعلق پہلے ہی وزیر اعظم عمران خان ہدایات دے چکے تھے اور اب خبر سامنے آئی ہے کہ جلد ہی اس ڈرامے کو نشر کردیا جائے گا۔
عرب نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پی ٹی وی کی انتطامیہ اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے تصدیق کی کہ جلد ہی ترکش ڈرامے کو اردو میں پیش کردیا جائے گا۔
فردوس عاشق اعوان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ اسلامی تاریخ اور مسلمانوں کی فتوحات پر مبنی اس شہرہ آفاق ڈرامے کو اردو میں پیش کیا جائے تاکہ لوگ اسلامی تاریخ سے اچھی طرح واقف ہو سکیں۔