شیخ رشید ویسے تو وفاقی وزیرِ ریلوے ہیں لیکن انہیں کل وقتی ٹی وی پرسن کہا جائے تو بھی غلط نہیں ہوگا۔ انہوں نے ایک ٹی وی شو میں اینکر کو بتایا کہ ’کابینہ کے اجلاس میں ہمیں اس معاملے پر خاموش رہنے کے لیے کہا گیا ہے‘۔
تاوقتِ تحریر شہزاد اکبر نے نہ پریس کانفرنس کی ہے اور نہ ہی کسی ٹی وی شو پر آکر کسی کو بھی کچھ بتایا ہے۔ وہ اسلام آباد میں ایک مرتبہ منظرِ عام آئے ضرور تھے لیکن انہوں نے این سی اے کے معاملے پر بہت ہی سطحی بات کی اور آگے بڑھ گئے۔ ہمارے پاس صرف اور صرف ایک عجیب و غریب انداز میں لکھی جانے والی ایک پریس ریلیز ہے جسے اسی دن ٹوئیٹر پر جاری کیا گیا جس دن این سی اے نے انکشافات کیے تھے۔
شہزاد اکبر کی پریس ریلیز پھیکی اس لیے ہے کہ حقائق کو اگر مدِنظر رکھا جائے تو اس میں 2 باتیں بہت ہی غیر ضروری معلوم ہوتی ہیں۔ پہلی بات یہ کہ جائیداد کو یہ کہہ کر شریف خاندان سے جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے کہ ’اس سے پہلے یہ سابق وزیرِاعظم پاکستان نواز شریف کے بیٹے حسن نواز کی ملکیت تھی‘۔ جبکہ دوسری بات یہ ہے کہ اس پریس ریلیز کے ذریعے ملک ریاض کو یہ کہہ کر معاملے سے بَری الذمہ قرار دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ ’تصفیہ ایک سول معاملہ ہے اور اس میں جرم تسلیم کرنے کا پہلو نہیں نکلتا‘۔
ان دونوں بیانات کی کوئی تُک ہی نہیں بنتی تھی۔ سوشل میڈیا پر کئی لوگوں کو کہتے پایا گیا کہ پاناما کہانی کی خبر منظرِ عام پر آنے سے چند ہفتے پہلے مارچ 2016ء میں پرانے مالکان نے پکڑے جانے کے ڈر سے بلاتاخیر اس جائیداد کو فروخت کردیا تھا۔ حالانکہ پاناما کیس کا اس جائیداد سے نہیں بلکہ ایون فیلڈ فلیٹ سے تعلق ہے جو ہائیڈ پارک ون سے کافی زیادہ دُور واقع ہے۔
یہ سچ ہے کہ جے آئی ٹی ٹیم کی پوچھ گچھ اور عدالتی کارروائیوں کے دوران اس پر بھی بات ہوئی تھی لیکن یہ جائیداد کبھی بھی اس کیس کا متنازع پہلو نہیں بنی، جس کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ اس کی منی ٹریل اور خرید و فروخت کی تمام تر تفصیلات پیش کی گئی تھیں۔ عدالتی حکم نامے میں بھی اس کا کہیں کوئی ذکر نہیں ہے۔
وہ سطر جس میں ملک ریاض کو بے گناہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی تھی، اسے ملک ریاض نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر پریس ریلیز جاری ہونے سے 2 گھنٹے پہلے ہی شیئر کردی تھی، جو کافی عجیب بات ہے۔
ملک ریاض نے عجیب و غریب تحریر والی اس دستاویز کی تصویر شیئر کی تھی جس پر ’نوٹ ٹو ایڈیٹرز‘ کی سرخی پڑھی جاسکتی ہے۔ اس میں شامل چند جملوں کو 2 گھنٹے بعد شہزاد اکبر کی پریس ریلیز میں بھی پایا گیا۔ یہی نہیں بلکہ شہزاد اکبر کی پریس ریلیز میں ملک ریاض کو بے گناہ ثابت کرنے سے متعلق جملہ 2 بار شامل کیا گیا ہے۔ اب یا تو یہ جلد بازی کا کیا دھرا ہے یا پھر اس نکتے پر زور دینے کی کوشش کی گئی ہے
دونوں ہی حالات میں اس تاثر کو تقویت پہنچتی ہے کہ شہزاد اکبر کی پریس ریلیز کی تیاری میں ملک ریاض کا عمل دخل شامل رہا ہے اور تیزی سے منظرِ عام پر آنے والی خبروں کے پیش نظر انہوں نے جلد بازی میں پریس ریلیز کا ابتدائی ڈرافٹ ہی ٹوئیٹ کردیا۔
شہزاد اکبر کے لیے پریس کانفرنس کرنے کا یہی اچھا وقت رہے گا۔ حالیہ مہینوں میں لندن میں ان کی ملک ریاض کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کا آخر معاملہ کیا ہے؟ حکومت کیوں اس پیش رفت کا سہرا اپنے سر سجانے میں اتنی سستی کا مظاہرہ کر رہی ہے، حالانکہ جج صاحبان کی جائیدادوں پر نظر رکھنے کے عمل کو فوراً اپنا کارنامہ بتا دیتی ہے، جس کا اندازہ یکم جون 2019ء کو جاری ہونے والی اے آر یو کی پریس ریلیز سے لگایا جاسکتا ہے؟
شہزاد اکبر کو ملک ریاض کے اس بیان کی وضاحت کرنی ہوگی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ضبط شدہ رقم سپریم کورٹ کو بحریہ ٹاؤن کراچی کیس میں واجبات کی مد میں دیے جائیں گے۔
خاموشی ہی جُرم کو پنپنے دیتی ہے۔ اکبر صاحب کے لیے اچھا ہوگا کہ وہ حکومتی وعدے کے مطابق جلد ہی پریس کانفرنس بُلائیں۔
یہ مضمون 5 دسمبر 2019ء کو ڈان اخبار میں شائع ہوا۔