مسئلہ کشمیر پر کوئی ابہام، تقسیم یا کمزوری نہیں، وزیر خارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کسی سیاسی جماعت کا نہیں پورے پاکستان کا ایشو ہے اور اس مسئلے پر کوئی ابہام، تقسیم یا کمزوری نہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں حزب اختلاف کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ '5 اگست کے بھارتی اقدام پر پارلیمنٹ نے متفقہ جواب دیا، کشمیر کے معاملے پر ہم سب ایک ہیں اور اس مسئلے پر کوئی ابہام، تقسیم یا کمزوری نہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'مسئلہ کشمیر کسی سیاسی جماعت کا نہیں پورے پاکستان کا ایشو ہے، حکومت نے کشمیر کے معاملے کو اجاگر کیا ہوا ہے اور مسئلہ کشمیر پر پارلیمان کو آگاہ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'بھارتی غیر قانونی اقدام کو حکومت اور اپوزیشن نے مشترکہ طور پر اجاگر کیا جبکہ مسئلہ کشمیر پر بات کرنے پر اپوزیشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔'
وزیر خارجہ نے اپوزیشن کو دعوت دی کہ وہ اپنی تجاویز دینے کے لیے آگے آئے اور یقین دلایا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں ہر مثبت تجویز کو شامل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی ایشیا کی سلامتی مسئلہ کشمیر سے جڑی ہوئی ہے، اردوان
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 'اب کشمیر کا معاملہ بین الاقوامی تنازع بن گیا ہے، دنیا نے بھارت کے مؤقف کو تسلیم نہیں کیا اور بھارت اقوام متحدہ میں اپنے وعدے سے منحرف ہوا۔'
انہوں نے کہا کہ 'کشمیریوں نے دنیا بھر میں بھارتی اقدام کے خلاف احتجاج کیا، یورپی یونین کی پارلیمنٹ میں کشمیر کا معاملہ زیر بحث آیا، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھی غیر قانونی بھارتی اقدام کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی، بھارت کے لوگ بھی بھارتی حکومت کے اقدام کی مخالفت کر رہے ہیں اور بھارت کوششوں کے باوجود عالمی رائےعامہ اپنے حق میں کرنے میں ناکام رہا۔'