'دی ڈونکی کنگ' اسپین کے بعد روس میں ریلیز کے لیے تیار
جنوبی کوریا اور اسپین میں پذیرائی حاصل کرنے کے بعد پاکستان کی اینیمیٹڈ فلم 'دی ڈونکی کنگ' روس میں بھی دھوم مچانے کے لیے تیار ہے۔
سیاست پر مبنی عزیز جندانی کی اس مزاحیہ فلم کو پاکستان بھر میں بے حد پسند کیا گیا تھا اور اب روس میں اس فلم کو متعدد اسکرینز پر ریلیز کیا جائے گا۔
اسپین میں یہ فلم تین مختلف زبانوں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ دی ڈونکی کنگ پہلی پاکستانی فلم تھی جو اسپین میں ریلیز کی گئی۔
مزید پڑھیں: چالاک لومڑی اور معصوم گدھے کی کہانی ’دی ڈونکی کنگ‘
اس حوالے سے عزیز جندانی کا کہنا تھا کہ 'ہم بےحد خوش ہیں کہ دی ڈونکی کنگ کو دنیا بھر میں پسند کیا جارہا ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اچھی کہانی اور اداکاری کے ساتھ فلم کو توجہ مل ہی جاتی ہے لیکن ہم یہاں رکیں گے نہیں، اسپین سے آگے جہاں اور بھی ہیں'۔
خیال رہے کہ ‘ڈونکی کنگ’ کی کہانی ‘آزاد نگر’ نامی جانوروں کی ایک سلطنت پر مبنی ہے، جس کے بادشاہ یعنی شیر ریٹائر ہوکر اپنی سلطنت کسی نئے بادشاہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔
فلم کی کہانی اس وقت دلچسپ بن جاتی ہے، جب ایک گدھے کو سلطنت کے راجا کے طور پر نامزد کیا جاتا ہے۔
گدھے کو ایک چالاک لومڑی اس عہدے کے لیے تجویز کرتی ہیں، تاہم گدھا سلطنت کا نیا راجا بننے کو تیار نہیں ہوتا۔
چالاک لومڑی کی جانب سے سمجھائے جانے کے بعد ہی گدھا راجا بننے کو تیار ہوجاتا ہے لیکن کہانی اس کے انتخاب کے گرد ہی گھومتی ہے اور اس دوران کئی دلچسپ واقعات سامنے آتے ہیں۔