یورپی ملک میں نایاب سفید گینڈے کی پیدائش
دنیا میں انتہائی کم تعداد میں رہنے والے جانوروں میں سے ایک جنوبی سفید گینڈے کے ہاں یورپی ملک بیلجیم میں مادہ بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
جنوبی سفید گینڈوں کو نایاب نسلوں میں شمار کیا جاتا ہے، خیال کیا جاتا ہے کہ دنیا بھر میں مذکورہ نسل کے گینڈوں کی تعداد محض 1800 کے قریب ہے۔
جنوبی سفید گینڈوں کے علاوہ ان کی ہی نسل سے تعلق رکھنے والے شمالی سفید گینڈے اب دنیا سے ختم ہونے والے ہیں۔
شمالی سفید گینڈوں کا دنیا میں ایک بھی نر گینڈا موجود نہیں ہے، اس نسل کی واحد 2 مادہ گینڈے زندہ ہیں اور ماہرین مادہ گینڈوں کو مصنوعی طریقے سے حاملہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کے واحد نر سفید گینڈے کو مار دیا گیا
شمالی سفید گینڈے کے دنیا میں بچ جانے والے واحد نر گینڈے کو گزشتہ برس مارچ میں افریقی ملک کینیا کے ایک فارم میں متعدد بیماریوں اور زائد العمری کے باعث موت کی نیند سلادیا گیا تھا۔
شمالی سفید گینڈوں کے بچ جانے والے واحد نر گینڈے کو 45 سال کی عمر میں موت کا انجکشن دے کر مارا گیا تھا، کیوں کہ وہ عمر کے آخری حصے میں کھڑے ہونے کے قابل بھی نہیں رہا تھا۔