’ایمیزون جنگلات میں آگ کے معاملے پر لیونارڈو ڈی کیپریو نے امداد دی‘
برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں برس اگست میں ایمیزون جنگلات میں لگنے والی آگ کو دنیا کو دکھانے کے لیے ہولی وڈ اداکار لینارڈو ڈی کیپیریو نے امداد فراہم کی۔
خیال رہے کہ رواں برس اگست میں برازیل سمیت جنوبی امریکا کے 9 ممالک میں پھیلے ہوئے ایمیزون جنگلات میں شدید آگ بھڑک اٹھی تھی جو چند ہفتوں تک جاری رہی تھی۔
ایمیزون جنگلات کا نصف سے زیادہ حصہ برازیل کی زمینی حدود میں آتا ہے، اس لیے ان جنگلات میں آنے والی کسی بھی آفت یا آگ پر قابو پانے کی زیادہ ذمہ داری بھی اسی ملک پر ہوتی ہے۔
تاہم عام طور پر برازیل جنگلات میں آگ لگنے سمیت دیگر آفات آنے پر فوری امدادی کارروائیاں کرنے میں ناکام جاتا ہے، جس وجہ دنیا بھر سے اس پر تنقید کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایمیزون جنگلات میں آگ سے دنیا کی آکسیجن کا بڑا ذریعہ جل کر راکھ ہونے کے قریب
ایمیزون جنگلات میں آگ لگنے یا دوسری آفت آنے پر عالمی برادری اس وجہ سے تشویش ناک ہوتی ہے، کیوں کہ یہ جنگلات دنیا کی 20 فیصد آکسیجن فراہم کرتے ہیں۔
رواں برس اگست میں چند ہفتوں تک چلنے والی آگ میں ان جنگلات کو بے تحاشہ نقصان پہنچا جس وجہ سے برازیل پر عالمی برادری سے سخت تنقید کی، تاہم برازیلی صدر جنگلات میں لگی آگ کو عالمی برادری کی نااہلی اور کچھ اداروں کی ملی بھگت قرار دیتے رہے ہیں۔